ڈیل کی ہے نہ ایساہوگا،شہداء کے خون سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتا، طاہر القادری، افواہیں پھیلانے والے خود ڈیل کے تحت زندگی گزاررہے ہیں، دھرنا کو ناکام کہنے والوں کو کیا لاہور اور فیصل آباد کے عوام کا جم غفیر نظر نہیں آتا، عوامی انقلاب کے باعث قوم میں شعور اجاگر ہوگیا ، قوم نے کرپٹ نظام و حکمرانوں کے خلاف فیصلہ سنادیاہے، ایبٹ آباد روانگی سے قبل پریس کانفرنس

جمعرات 23 اکتوبر 2014 07:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اکتوبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاہے کہ کسی سے بھی ڈیل ہوئی ہے نہ ایساہوگا، افواہیں پھیلانے والے خود ڈیل کے تحت زندگی گزاررہے ہیں، شہداء کے خون سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتا، دھرنا کو ناکام کہنے والوں کو کیا لاہور اور فیصل آباد کے عوام کا جم غفیر نظر نہیں آتا، عوامی نقلاب نے قوم کا شعور بیدار کردیا اور قوم نے کرپٹ نظام و حکمرانوں کے خلاف فیصلہ سنادیاہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو اسلام آباد سے ایبٹ آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ٓاج ایبٹ آباد میں جلسہ اور اگلے دن ہری پور میں دھرنا ہوگا۔پی ٹی آئی کے دھرنے کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاپی ٹی آئی کادھرنا ختم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ان کااپناہوگا۔

(جاری ہے)

دھرنوں نے تحریک کے کارکنان اور پاکستانی عوام کو ایک نئی قوت اور حوصلہ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری منزل انقلاب ہے اور ہم قومی حکومت کے قیام کیلئے کوشاں رہیں گے ۔ احتساب اور پھر انتخابی اصلاحات کرانے کے بعد انتخابات میں حصہ لیں گے اور اگر انتخابی اصلاحات کے بغیر بھی انتخابات مسلط کئے گئے تو انتخابات کا میدان لٹیروں،جاگیرداروں،سرمایہ داروں کیلئے کھلا نہیں چھوڑیں گے۔انتخابی اتحاد کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 25تاریخ کو اتحادی جماعتوں کااجلاس عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوگا۔

جس میں انتخابی اتحاد کے بارے میں ابتدائی بات چیت ہوگی ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہاکہ ڈیل کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جس میں کوئی سچائی نہیں ایسی باتیں وہی کررہے ہیں جو ڈیل کے تحت گئے ، آئے اور اب ڈیل کی زندگی ہی گزاررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں کبھی شہداء کے خون سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتا۔انہوں نے دھرنا ناکامی بارے سوال کے جواب میں کہاکہ دھرنا کو ناکا م کہنے والوں کو فیصل آباد اور لاہور کے جلسے کیوں نظر نہیں آتے عوامی انقلاب کے عوام کا شعور بیدار کردیاہے اب کرپٹ نظام اور حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں عوام ان کیخلاف فیصلہ دے چکے ہیں۔