ڈی جی پنجاب رینجرز کی صدارت میں سیکٹر کمانڈرزکانفرنس،کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات پر تفصیلی غورو خوض کیا گیا، کانفرنس کے شرکاء کا ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے تمام پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 09:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء)ڈی جی پنجاب رینجرز میجر جنرل خان طاہر جاوید کی صدارت میں سیکٹر کمانڈرزکانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں کنٹرول لائن کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا۔رینجرزاکیڈمی منڈی بہاؤالدین میں ہونیوالی سیکٹر کمانڈرزکانفرنس میں تمام سیکٹر کمانڈرز اور اسٹاف آفیسرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات پر تفصیلی غورو خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی پنجاب رینجرز میجر جنرل خان طاہر جاوید نے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے اور بھرپور جوابی کارروائیوں پر جوانوں کو شاباش دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی‘کانفرنس میں بھارتی فائرنگ کے خلاف حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا‘اس امر پر ا طمینان کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب رینجرز کی ہر مرتبہ بروقت کارروائی سے دشمنوں کی توپیں خاموش کروا دی جاتی ہیں۔کانفرنس کے شرکاء نے ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے تمام پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔