ایم کیو ایم کا خورشید شاہ کے بیان کیخلاف آج ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان،خورشید شاہ نے مہاجر لفظ کو گالی قرار دیتے ہوئے یہ نہیں سوچا کہ ان کے یہ الفاظ کہاں تک جائیں گے،عبد الحسیب خان، تاجر برادری سے گزارش ہے کہ وہ ہماری آواز سے آواز ملائیں اور اپنے کاروبار بند رکھ کر یوم سیاہ کو کامیاب بنائیں، پریس کانفرنس

اتوار 26 اکتوبر 2014 09:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء ) متحدہ قومی موومنٹ نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے مہاجر لفظ کو قرار دینے کے بیان کے خلاف کل ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب خان نے کہا کہ خورشید شاہ نے ایک نہیں بلکہ 4 بار مہاجر لفظ دہرایا اور اسے گالی قرار دیا، ان کے اس بیان کے خلاف بزرگ و نوجوان ایم کیو ایم کے پورے پاکستان میں جہاں جہاں دفاتر ہیں وہاں اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں اور پوری امت مسلمہ میں اس پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم میں 8 مقامات پر حضور کی ہجرت کی فضلیت بیان کی گئی ہے، حضورﷺ نے بھی اسلام کی خاطر مکہ سے مدینہ ہجرت کی جبکہ قیام پاکستان کے لئے جو نعرہ لگا اس نعرے کے تحت بھی جو ہجرت کی گئی وہ اللہ اور اس کے رسول کے لئے کی گئی اور جنہوں نے ہجرت کی وہ مہاجر کہلائے لہٰذا جنہوں نے قیام پاکستان کے وقت ہجرت کی اور جو رسول ﷺنے ہجرت کی دونوں لحاظ سے خورشید شاہ توہین رسالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

عبد الحسیب خان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ نے مہاجر لفظ کو گالی قرار دیتے ہوئے یہ نہیں سوچا کہ ان کے یہ الفاظ کہاں تک جائیں گے اور ان کے کیا اثرات مرتب ہوں گے تاہم ہم نے عدالت میں اس کے خلاف درخواست دائر کردی ہے اور عدالت کو اختیار دے دیا ہے وہ فیصلہ کرے کہ توہین رسالت کے مرتکب شخص کی کیا سزا ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے بیان کے خلاف کل ایم کیو ایم پورے ملک میں یوم سیاہ منائے گی اور ہم تجارتی انجمنوں سے بھی گزارش کرتے ہیں وہ ہماری آواز سے آواز ملائیں اور اپنے کاروبار بند رکھ کر یوم سیاہ کو کامیاب بنائیں جبکہ علمائے کرام سے بھی اپیل ہے کہ وہ خورشید شاہ کے اس عمل اور الفاظ کی پرزور مذمت کریں۔