گو نواز گو تحریک 30 نومبر کو عروج پر پہنچے گی‘ کمیشن کیلئے میٹرو بس منصوبے سے دارالحکومت کا بیڑہ غرق کردیاگیا‘ وزارتوں کے خواہشمندوں کو پارٹی سے نکال دیں گے‘ نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے‘ تعلیمی ناانصافیوں سے امیر اور غریب کا فرق سامنے آیا،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب

اتوار 26 اکتوبر 2014 09:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گو نواز گو تحریک 30 نومبر کو عروج پر پہنچے گی‘ کمیشن کیلئے میٹرو بس منصوبے سے دارالحکومت کا بیڑہ غرق کردیا‘ وزارتوں کے خواہشمندوں کو پارٹی سے نکال دیں گے‘ نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے‘ تعلیمی ناانصافیوں سے امیر اور غریب کا فرق سامنے آیا۔

وہ ہفتہ کی شب آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت پاکستان کے 60 فیصد نوجوان ہیں۔ 30 نومبر کو ہماری گو نواز گو کی تحریک عروج پر ہوگی۔

(جاری ہے)

ہم کرپٹ نظام کو لپیٹ دیں گے اور اقتدار میں آکر سب سے پہلے یکساں تعلیمی نظام لائیں گے کیونکہ تعلیمی ناانصافیوں کی وجہ سے غریب اور امیر میں فرق آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور جرمنی کے سکولوں میں مفت اور بہترین تعلیم دی جاتی ہے۔

یورپ کے سرکاری سکولوں میں بہترین اساتذہ رکھے جاتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم میٹرو بس بناکر کمیشن نہیں کھائیں گے جس طرح حکمرانوں نے کمیشن کی خاطر دارالحکومت کا بیڑا غرق کردیا ہے بلکہ ہم سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں وزارتوں کے خواہشمند نہیں رہیں گے اور نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ ملے گا۔