ہشت گردی کوجڑسے اکھاڑنے کیلئے قوم متحد ہے،پرویزرشید، دھرنوں سے ترقی کا عمل سست روی کا شکار ہو گیا ہے، دھرنوں کے باعث نقصانات پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی وضع کی گئی ہے، ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پوری قوم متحد ہے، پا کستان جلد دہشت گردوں سے چھٹکارا پاکر پرامن ملک بن جائے گا مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ،صحافیوں سے گفتگو

اتوار 26 اکتوبر 2014 09:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ دھرنوں سے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچا ہے اور ترقی کا عمل سست روی کا شکار ہو گیا ہے، ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پوری قوم متحد ہے، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور وہ بھاگ رہے ہیں ، پاکستان جلد دہشت گردوں سے چھٹکارا پاکر پرامن ملک بن جائے گا۔

ہفتہ کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے لیکن دھرنوں کے باعث چین کے صدر کا دورہ ملتوی کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ قطر بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے لیکن اس کے سربراہ کا بھی دورہ ان دھرنوں کی وجہ سے منسوخ ہو گیا۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران دھرنوں کے باعث ہونے والے نقصانات پر قابو پانے کے لئے حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے اور امید ہے کہ عمران خان بھی اپنی کوتاہیوں سے سبق سیکھیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صحافت پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کامیاب کارروائی کر رہی ہیں۔ قوم دہشت ردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان آنے والے دنوں میں مزید محفوظ اور بہتر ملک بن جائے گا۔

دریں اثناء وزیر اطلاعات پرویزرشید نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور ان پرکوئٹہ میں ہونیوالے خودکش حملے کی مذمت کی ، ان سے باتیں کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے قوم متحد ہے، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور وہ بھاگ رہے ہیں انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان جلد دہشت گردوں سے چھٹکارا پاکر پرامن ملک بن جائے گا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان کے شکست خوردہ دشمن ملک کا امن تباہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔پرویز رشید نے ملک میں جمہوری اقدار اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے مولانا فضل الرحمن کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ جے یو آئی ف ملک میں مزید امن اور سیاسی استحکام کیلئے اپنا مثبت کردار اد ا کرتی رہے گی ۔پرویز رشید نے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا کہ مولانا فضل الرحمن اس حملے میں محفوظ رہے ہیں اور بزدلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی روح کے ایصال ثواب کیلے دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :