مسلم لیگ ن میں کھوسہ گروپ نے طویل ناراضگی کے بعد بلآخر فارورڈ بلاک بنانے کا اعلان،مشاورت جاری، فارڈ بلاک میں قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین شامل، مسلم لیگ بری نہیں مسلم لیگ کو جان بوجھ کر برا بنایا جا رہا ہے ، پارٹی کو جن لوگوں نے برباد کیا ان لوگوں کو پارٹی سے نکال باہر کریں گے، سردار دوست محمد کھوسہ کی صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو

بدھ 29 اکتوبر 2014 07:52

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء)مسلم لیگ ن میں کھوسہ گروپ نے طویل ناراضگی کے بعد بلآخر فارورڈ بلاک بنانے کا اعلان کر دیا ، مشاورت جاری ، فارڈ بلاک میں قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین شامل، مسلم لیگ بری نہیں مسلم لیگ کو جان بوجھ کر برا بنایا جا رہا ہے ، پارٹی کو جن لوگوں نے برباد کیا ان لوگوں کو پارٹی سے نکال باہر کریں گے ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعلی پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ نے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ فارڈ بلاک میں اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کے علاوہ پارٹی عہدیدار بھی شامل ہونگے جن سے رابطے مکمل کر لئے گئے ہیں انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طرف سے ناراض ساتھیوں کو منانے کے سوال کے جواب میں کہا" بہت دیر کی مہربان آتے آتے " جبکہ فارڈ بلاک سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کو اب کوئی نہیں روک سکتا ، انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل والد محترم کی ہدایت پر پارٹی قیادت سے اختلافات ختم کر دیئے تھے مگر پارٹی قیادت نے آج تک میرے لئے دل میں بغض رکھا ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ جو جماعت شرافت کی علامت ہوا کرتی تھی آج وہ زیادتیوں اور خود نمائیوں کی علامت بن گئی ہے اور پارٹی ورکرز کے دم خم ،محنت اور قربانیوں کے باعث نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیراعظم اور شہباز شریف کو چوتھی مرتبہ صوبہ کی قیادت ملی اس کے باوجود مسلم لیگ اب صرف پنجاب کی حد تک کی جماعت بن کر رہ گئی ہے لیکن ہم انشاء اللہ انہی قربانیاں دینے والے ورکرز کے دم پر مسلم لیگ کو پھر سے وفاق کی علامت بنا کر اس کو خاندانی اجارہ داری سے پاک کر دیں گے سردار دوست محمد خان کھوسہ نے کہا کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ مسلم لیگ کی شناخت ہیں اور مسلم لیگ ان کی شناخت ہے اور انشاء اللہ ان کی قیادت میں مسلم لیگ ورکرز کی عزت بحال ہو گی اور ان کا راج ہو گا ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں مزید کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے صوبائی حلقہ پی پی 243پر تحریک انصاف کے ایم پی اے کے استعفی کے منظور ہونے کی صورت میں ورکرز کی مسلم لیگ اس نشست پر بھر پور طریقے سے حصہ لے گی ۔