بلاول بھٹو زرداری نے اپنا وعدہ وفا کردیا ،شہید چوہدری اسلم کے بیرون ملک زیر تعلیم بچوں کی فیس اد اکردی ،بلاول نے بیرون ملک شہید کے بچوں سے ملاقات بھی کی ہے،نورین چوہدری اسلم کا بلاول اور بختاور بھٹو زرداری سے اظہار تشکر

بدھ 29 اکتوبر 2014 08:02

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق ایس ایس پی (سی سی آئی ڈی ) شہید چوہدری اسلم کی شہادت کے موقع پر شہید کی بیوہ نورین چوہدری اسلم سے کئے گئے بچوں کی تعلیم کا خرچہ اٹھانے کا وعدہ وفا کرتے ہوئے شہید چوہدری اسلم کے بیرون ملک زیر تعلیم بچوں کی ایک سال کی فیس ادا کردی۔ شہید کی بیوہ نورین چوہدری اسلم نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں بیرون ملک شہید چوہدری اسلم کے بچوں سے ملاقات کی ہے ۔

نورین چوہدری اسلم کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو ذرداری بزات خود ان سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے حوصلہ دیا ہے کہ شہید چوہدری اسلم کے مشن کو جاری رکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ملک کی خاطر جان قربان کرنے والے شہیدوں کو فراموش نہیں کریں گے ۔نورین چوہدری اسلم نے کہا ہے کہ میرے شوہر کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوکر رہے گا۔ سندھ حکومت نے پلاٹ دینے اور شہید کے دو بیٹوں کو ڈی ایس پی کی پوسٹ پر بھرتی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا اعلان کیا تھا جو ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ امید ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دیگر مسائل بھی جلد حل کرائیں گے۔