جماعت اسلامی وکٹ کے دونوں جانب نہ کھیلے اور فیصلہ کرے کہ وہ ہمارے ساتھ ہے یا (ن) لیگ کے، عمران خان، نوازشریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں،نوازشریف اور آصف زرداری نے مل کر انتخابات میں فراڈ کیا ، جب تک دھاندلی کرنے والوں کو نہیں پکڑا گیا تب تک جتنی بھی اصلاحات کرلیں اگلے الیکشن میں دھاندلی کا ہی مقابلہ ہوگا اور ہم اگلا الیکشن ایسے نہیں ہونے دیں گے، 30 نومبر کو اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا، نوازشریف تیار ہوجائیں اس دن ایک طوفان آنے والا ہے، حکمران باریاں لینے کے لیے اپنے بچوں کو تیار کررہے ہیں لیکن ہم ان حکمرانوں کا مقابلہ کریں گے،عوامی حقوق اور ظلم و جبر کے خلاف لڑ کر مرنے والا شہید کہلاتا ہے نوازشریف کا استعفیٰ لیے بغیر یہاں سے نہیں جائیں گے، دھرنے کے شرکا سے خطاب

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء) چئیر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں اس لیے جماعت اسلامی جرگہ اور مذاکرات میں ٹائم برباد کرنے کے بجائے فیصلہ کرے کہ وہ دھاندلی میں ملوث(ن) لیگ کے ساتھ ہے یا تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری نے مل کر انتخابات میں فراڈ کیا ، جب تک دھاندلی کرنے والوں کو نہیں پکڑا گیا تب تک جتنی بھی اصلاحات کرلیں اگلے الیکشن میں دھاندلی کا ہی مقابلہ ہوگا اور ہم اگلا الیکشن ایسے نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا، نوازشریف تیار ہوجائیں اس دن ایک طوفان آنے والا ہے، حکمران باریاں لینے کے لیے اپنے بچوں کو تیار کررہے ہیں لیکن ہم ان حکمرانوں کا مقابلہ کریں گے،عوامی حقوق اور ظلم و جبر کے خلاف لڑ کر مرنے والا شہید کہلاتا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ ملک میں کئی لوگ مذہب کے نام پر سیاست کررہے ہیں جبکہ سیاستدان پہلے فوج کو بدنام کرتے ہیں اور پھر پاوٴں پکڑ لیتے ہیں، ہمیں بتایا جائے کیا دھاندلی کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے والوں کے خلاف کھڑاہونا ضد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا کہ ہم لندن پلان کے تحت آئے اور فوج سے کوئی اشارہ ملا ہے لیکن ہمیں کسی طرف سے کوئی اشارہ نہیں ملا جو کچھ کیا وہ میرے دل کی آواز ہے، نوازشریف اور شہبازشریف کے ہوتے ہوئے ہمیں اور طاہرالقادری کو انصاف نہیں مل سکتا اس لیے ہم نوازشریف کا استعفیٰ لیے بغیر یہاں سے نہیں جائیں گے۔چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سراج الحق نے ہمیں اور (ن) لیگ کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیا ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہوں گے کیونکہ ہم بھی جماعت اسلامی کی طرح ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سمیت سب کہہ رہے ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی لیکن کوئی اس کے خلاف آواز اٹھانے والا نہیں ہے جبکہ جس جس نے دھاندلی کی نوازشریف نے ان سب کو نوازا ہے، جب ملک میں مجرموں کو نوازا جائے اور ایماندار لوگوں کو باہر نکالا جائے تو ملک کس طرح ترقی کر سکتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ جماعت اسلامی وکٹ کے دونوں جانب نہ کھیلے اور فیصلہ کرے کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ ہے یا (ن) لیگ کے، کیونکہ ہماری نوازشریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں اس لیے جرگے اور مذاکرات پر وقت برباد نہ کیا جائے، ہم نوازشریف سے کوئی مذاکرات نہیں کریں گے ہمیں ان کا استعفیٰ چاہئے کیونکہ ہمیں جب تک انصاف نہیں ملے گا چاہے جتنی دیر لگے دھرنے میں موجود رہیں گے۔