پاکستان کی امریکی ڈرون حملوں کی مذمت، فوری بند کرنے کا مطالبہ، بھارت کی طرف سے مختلف ملکوں سے ہتھیاروں کی خریداری پر اظہارتشویش، عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں روایتی ہتھیاروں کے عدم توازن کی صورتحال کو مزید خراب کرنے سے گریز کرنا چاہیے،تسنیم اسلم، اسرائیلی مصنوعات بارے اسلامی یونیورسٹی میں سٹال فوری طور پر انتظامیہ نے بند کرادیا تھا وہ اس واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں، انٹرنیشنل کرائسز گروپ کی رپورٹ بے بنیاد ہے، خارجہ پالیسیاں قومی مفادات کے تحت بنتی ہیں ، اس میں تمام اداروں کی رائے شامل ہوتی ہے،افغانستان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں،بھارت نے خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر مذاکرات معطل کئے تھے، اب بھارت کو ہی ابتدا کرنا ہوگی،ہفتہ وار بریفنگ،جماعت اسلامی کے رہنما کو سزائے موت دینے کے معاملے پر سوال کا جواب دینے سے گریز

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء)پاکستان نے امریکی ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر ضروری قرار دے کر فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور بھارت کی طرف سے مختلف ملکوں سے ہتھیاروں کی خریداری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں روایتی ہتھیاروں کے عدم توازن کی صورتحال کو مزید خراب کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ لیبیا سے اب تک 6680پاکستانیوں کو واپس لایا گیا ہے ، آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد 67120پاکستانی افغانستان چلے گئے تھے جن میں سے 38ہزار چند ہفتوں میں واپس آگئے اور دیگر وہاں اپنے رشتہ داروں کے ہاں مقیم ہیں ۔

جمعرات کو دفتر خارجہ میں اخبار نویسوں کو ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ڈرون حملوں کو اپنی سالمیت اور جغرافیائی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے حکومت پاکستان خود دہشتگرد عناصر کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کررہی ہے اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حملے غیر ضروری ہیں انہیں فوری بند ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ لیبیا میں مزید 360پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے قائم کئے گئے کیمپوں میں موجود ہیں جنہیں آئندہ چند روز میں واپس لایا جائے گا ، دو پاکستانی وفات پا چکے ہیں ان کی میتیں بھی لائینگے ۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ امریکی خصوصی نمائندے سے ملاقاتوں میں حکومت نے اپنا موقف سامنے رکھا یقیناً امریکہ کا بھی اپنا ایک موقف ہے تاہم انہیں بین الاقوامی قانون اور اب عالمی رائے عامہ کی حمایت بھی حاصل نہیں رہی ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی مصنوعات کے بارے میں اسلامی یونیورسٹی میں سٹال فوری طور پر انتظامیہ نے بند کرادیا تھا اور وہ اس واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں ۔

ایک اور سوال پر تسنیم اسلم نے انٹرنیشنل کرائسز گروپ کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسیاں قومی مفادات کے تحت بنتی ہیں اور اس میں تمام اداروں کی رائے شامل ہوتی ہے ۔ بھارت کی طرف سے بڑے پیمانے پر ہتھیار اور جنگی جہاز خریدنے کے بارے سوال پر ترجمان نے کہا کہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ ہم جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ نہیں چاہتے چاہے وہ روایتی ہتھیار ہوں یا جوہری ہتھیار ہوں ہم توقع رکھتے ہیں کہ عالمی برادری جنوبی ایشیا میں روایتی ہتھیاروں کی عدم توازن کو مزید خراب نہیں کرے گی ۔

جنوبی ایشیا ایک غریب خطہ ہے اور یہاں کے ملکوں کو ہتھیاروں کی دوڑ کی بجائے عوام کی اقتصادی بہتری پر توجہ دینی چاہیے ۔ ترجمان نے کہا کہ کنٹرول لائن پر خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھارت سے بھرپور احتجاج کیا گیا ہے ۔ ایک اور سوال پر ترجمان نے کہا کہ ہم افغانستان میں استحکام چاہتے ہیں جو ہمسائیہ ملکوں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے اس حوالے سے علاقائی ممالک مل کر کام کررہے ہیں تاکہ افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے مفاہمت پیدا کی جاسکے ۔

چین میں ہونے الی کانفرنس میں چودہ ملک حصہ لے رہے ہیں ہم افغانستان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں اور پاکستان بار بار اس کا اظہار کرچکا ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ دیگر ممالک بھی ایسا ہی کرینگے ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ افغانستان کا دعویٰ ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد وہ دو لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کررہے ہیں کہ تو ترجمان نے کہا کہ تصدیق شدہ اعدادوشمار کے مطابق آپریشن کے بعد 67120پاکستانی سرحد پار گئے تھے جن میں سے 38ہزار چند ہفتوں میں واپس گئے اور دیگر وہاں اپنے رشتہ داروں یا سہولیاتی حقوق کے تحت قیام پذیر ہیں ۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری سمیت افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے اقدامات اٹھائیں جو کئی عشروں سے پاکستان میں مقیم ہیں اس وقت بھی پاکستان میں 30لاکھ سے زائد افغان مہاجرین موجود ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ عزت اور وقار کے ساتھ رضا کارانہ بنیادوں پر واپس جائیں اس حوالے سے سمجھوتہ 2015ء میں ختم ہوگا اور ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری افغان حکومت کی مدد کرے ۔

ہمیں خوشی ہے کہ افغانستان کی نئی قیادت مہاجرین کی واپسی کو بھی اپنی ترجیح قرار دیتی ہے ۔ ایک اور سوال پر ترجمان نے کہا کہ ایرانی نائب وزیر خارجہ کا دورہ انتہائی مفید رہا ہے اور مستقبل قریب میں مزید دورے بھی ہونگے ہمیں اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے سرحد پر جو واقعات ہوئے ان پر بھی بات چیت ہوئی ہے سرحدی کمیشن بنانے کا طریقہ کار موجود ہے جس کے تحت دونوں فریق فوری رابطہ کرسکتے ہیں ۔

ایک اور سوال پر ترجمان نے کہا کہ ایران سے گیس پائپ لائن اور دیگر منصوبوں پر سیاسی صلاح مشورہ جاری ہے وزیر پٹرولیم نے بھی دورہ کیا ہے جس میں اچھی بات چیت ہوئی ہے ۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ چین میں ہونے والی ایپک سربراہ اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت متوقع ہے ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو ڈپلومیسی کے حوالے سے سوال پر ترجمان نے کہا کہ بھارت نے خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر مذاکرات معطل کئے تھے اور اب بھارت کو ہی ابتدا کرنا ہوگی ٹریک ٹو ایک غیر حکومتی ڈائیلاگ ہیں اور بہت سے فورمز پر نجی طور پر پاکستانی اور بھارتی شخصیات ملتی رہتی ہیں اور یہ عمل جاری رہتا ہے ۔

ترجمان نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما کو سزائے موت دینے کے معاملے پر سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے مختلف تبصرے کررہے ہیں ۔ عاشورہ کے موقع پر دہشتگردوں کی طرف سے ایرانی سفیر اور بعض پاکستانی مذہبی اور سیاسی رہنماؤں کو درپیش خطرات کے بارے میں انٹیلی جنس اطلاعات کے حوالے سے سوال پر تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان میں سفارتکاروں کا تحفظ اور سلامتی حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے وزارت داخلہ تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں جن سے کسی بھی سفارتکار کی سلامتی متاثر ہو یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اسے سنجیدگی سے پورا کرتے ہیں ۔

ایرانی سفیر کے بارے میں مخصوص اطلاعات نہیں ہیں تاہم اگر کوئی اطلاع ملے تو ہمارا متعلقہ دفتر سکیورٹی اداروں کو مطلع کرتا ہے جو سفارتکاروں کے سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیتے ہیں ۔