دھرنے والے ملک کو ترقی وخوشحالی کے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش ناکام ہوگی، وزیراعظم نوازشریف،اپنے دورحکومت میں بجلی بحران ختم کرکے دم لیں گے، اگلے ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید خاطرخواہ کمی ہوگی ،مہنگائی کی کمرتوڑیں گے، توانائی کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کے بعدمیڈیاسے گفتگو

جمعرات 20 نومبر 2014 07:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2014ء)وزیراعظم محمدنوازشریف نے کہاہے کہ دھرنے والے ملک کو ترقی وخوشحالی کے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش ناکام ہوگی، اپنے دورحکومت میں بجلی بحران ختم کرکے دم لیں گے، اگلے ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید خاطرخواہ کمی ہوگی ،مہنگائی کی کمرتوڑیں گے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے اسلام آبادمیں توانائی کی صورتحال کے حوالے سے ایک اجلاس کے بعدمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، دھرنے والوں کی خواہش ہے کہ لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہو لیکن ہم توانائی بحران ختم کرکے دم لیں گے، ہماری حکومتی مدت میں ہی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہی قوم کی سب سے بڑی خدمت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہونے پر بہت دکھ ہوا لیکن دورہ چین کے دوران طے پانے والے 19 معاہدے خطے کی تقدیر بدل دیں گے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے بہت خوشی ہوئی اور اس سے عوام کو ریلیف ملا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں اور تیل کی قیمتیں آئندہ ماہ بھی کم کریں گے جبکہ حکومت کسانوں کی مشکلات حل کرنے کے لئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرایوں میں کمی ہوئی ہے ،اگلے ماہ بھی کمی واقع ہوگی ،اس کابے پناہ فائدہ عوام کوہوگا۔انہوں نے کہاکہ چین کے ساتھ معاہدوں سے تاریخ بدلے گی ،چین کے صدرکے دورہ پاکستان ملتوی ہونے پردکھ ہواہے ۔انہوں نے مجھے دعوت دی کہ منصوبوں پردستخط کریں بعدمیں گیااوردستخط ہوئے ،چین کے صدرپاکستان ضرورآئیں گے ،ان کے ساتھ میری دوستی ہے ۔اس سے قبل اجلاس میں توانائی کے جاری منصوبوں پرپیشرفت کاجائزہ لیاگیا۔وزیراعظم نے تمام متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ توانائی کے جاری منصوبوں کوبروقت مکمل کیاجائے ،سستی بجلی کی فراہمی ترجیح ہے۔