”گو نواز گو“ کا نعرہ جلد رائے ونڈ میں بھی گونجے گا، عمران خان،ملک میں جمہوریت کی بات کرنے والے اس کی آڑ میں پیسہ بناتے ہیں، سربراہ تحریک انصاف ،ہم صرف انصاف مانگ رہے ہیں، حکومت جتنا لمبا کھیلے گی ہمیں اتنا ہی فائدہ ہوگا،دھرنے سے خطاب، امریکی سفیر سے گفتگو

اتوار 23 نومبر 2014 07:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23نومبر۔2014ء )تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی کرسی بچانے کے لیے سب کچھ کریں گے لیکن ہم تھک ہار کر نہیں جائیں گے، ہم صرف انصاف مانگ رہے ہیں، حکومت جتنا لمبا کھیلے گی ہمیں اتنا ہی فائدہ ہوگا بہیت جلد ”گو نواز گو” کا نعرہ رائے ونڈ میں بھی گونجے گا۔اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے حواریوں کو جانتا ہوں،حکومت کا خیال تھا کہ دھرنے والے تھک ہار کر چلے جائیں گے لیکن انصاف ملنے تک دھرنا جاری رہے گا اور حکومت جتنا وقت لے گی مجھے پاکستان کے کونے کونے تک اپنا پیغام پہنچانے کا موقع ملے گا جبکہ ہر جگہ لگنے والا ”گو نواز گو“ کا نعرہ جلد رائے ونڈ میں بھی گونجے گا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت دھاندلی سے نہیں بلکہ جائز طریقے سے منتخب ہوئی، اگر کوئی کہہ دے کہ ہم نے صوبے میں دھاندلی کی ہے تو ہم فوری الیکشن کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام جب نظریے کے ساتھ ہوں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا،عام آدمی صرف ووٹ کے ذریعے ہی ظالموں اور لٹیروں کا مقابلہ کرسکتا ہے اس لئے ہم نئے پاکستان میں عوام کا ووٹ چوری کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب تک حقیقی جمہوریت نہیں آئی، حقیقی جمہوریت خوشحالی لاتی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جمہوریت کی بات کرنے والے اس کی آڑ میں پیسہ بناتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ حکومت کا خیال تھا کہ سردی کی وجہ سے دھرنا چھوڑ کر بھاگ جائیں گے لیکن آج چودہ اگست سے بھی زیادہ جنون دکھائی دے رہا ہے۔قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 30 نومبر کا جلسہ پر امن ہوگا‘ نقص امن پیدا نہیں کیا جائے گا۔

2013 ء کے انتخابات کا آڈٹ چاہتے ہیں۔ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے ملاقات میں کیا جنہون نے بنی گالا میں ہفتہ کے روز ملاقات کی ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امریکی سفیر نے عمران خان سے سوال کیا کہ 30 نومبر کو کیا کرنا چاہتے ہیں عمران خان نے کہا کہ ہم جمہوری ملک ہیں جمہوریت چاہتے ہیں۔

جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ 2015 ء میں الیکشن کمیشن کی تشکیل کی جائے اور انتخابی اصلاحات کی جائیں انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک ہمارا دھرنا جاری رہے گا عمران خان اور امریکی سفیر کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی امریکی سفیر کی خواہش پر یہ ملاقات ہوئی۔