شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ڈرون حملہ‘ 5 ہلاک 2 زخمی‘ حملے کے بعد جاسوس طیارے کی پروازیں‘ لوگوں میں خوف و ہراس، امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت،پاکستان نے ان حملوں کو غیر ضروری قرار دیدیا ،فوری بند کرنے کا مطالبہ

جمعرات 27 نومبر 2014 08:58

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2014ء) شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے‘ حملے کے بعد ڈرون طیارے کی پروازوں سے مکینوں میں خوف و ہراس۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے کونڈ سر میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک کمپاؤنڈ پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

بعدازاں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکال کر مقامی ہسپتال منتقل کیا۔ واقعہ کے بعد طویل دورانئے تک ڈرون طیاروں کی نچلی پروازوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث علاقہ مکین شدید خوف و ہراس کے باعث گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ادھرپاکستان نے شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو غیر ضروری قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حملے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف ہیں،ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے بدھ کو یہاں جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ امریکی جاسوس طیارے نے بدھ کی صبح شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں کیا گیا،پاکستان ان ڈرون حملوں کو اپنی سالمیت اور یکجہتی کی خلاف ورزی سمجھتاہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ پاکستان شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف خود کارروائی کر رہا ہے،لہٰذا یہ حملے غیرضروری ہیں،ڈرون حملے فوری طور پر بند کئے جائیں ۔