پی ٹی آئی کا مشن قوم کی بیداری ہے عوام”گو نواز گو“پر متحد ہوچکے ہیں،عمران خان، پاکستان میں جمہوریت نام کی کوئی شے نہیں ،حکمران خود کو بچانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کررہے ہیں، تحریک انصاف ضلع لاہور کے تنظیمی اجلاس سے خطاب

جمعہ 28 نومبر 2014 09:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت نام کی کوئی شے نہیں ،حکمران خود کو بچانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کررہے ہیں نواز شریف اگر حقیقی طور پر الیکشن جیتے ہوتے تو چار حلقے کھولنے کی اجازت دے دیتے۔ تحریک انصاف کو ن لیگ سے کوئی خطرہ نہیں قوم جاگ اٹھی ہے 30نومبر کو ہر حال میں پاکستانی عوام اسلام آباد پہنچے گی پی ٹی آئی کا مشن قوم کی بیداری ہے عوام "گو نواز گو"پر متحد ہوچکے ہیں نواز لیگ اور پیپلز پارٹی نے سازش کے تحت دھاندلی کی۔

عمران خان تحریک انصاف ضلع لاہور کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جہاں پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیے جبکہ پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد، ممبران صوبائی اسمبلی میاں اسلم اقبال ، سعدیہ سہیل ، میاں محمود الرشید اور لاہور کی تنظیم ، ٹاوٴن، یونین کونسل کے عہدیداران اور امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی بڑی تعدادمیں موجود تھے عمران خان نے کہا کہ وہ آئندہ تین دن چوبیس گھنٹے کنٹینر میں موجود ہوں گے اور 30نومبر کو دیگر شہروں سے آنے والے کارکنوں کا اسلام آباد سے خود استقبال کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی ایس ایف اور عمران ٹائیگر فورس کے جوانوں سے کہا کہ وہ بڑی تعداد میں ہر حال میں اسلام آباد پہنچیں پارٹی کارکن تمام اختلافات بھلا کر متحد ہوجائیں کارکن ہی تحریک انصاف کی اصل طاقت ہیں جنہوں نے 14اگست سے آج تک ملک بھر میں سیاسی بیداری کی عظیم و الشان تحریک چلا رکھی ہے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن قانون توڑنے نہیں اپنے حق لینے کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں اب نواز شریف اور زرداری کا گٹھ جوڑ مزید نہیں چل سکے گااور ملک گیر سطح پر تبدیلی اور نئے پاکستان کا نعرہ عملی طور پر حقیقت کا روپ دھارے گا۔

عمران خان نے تحریک انصاف لاہور کے صدر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہور نے جس شاندار اندازمیں لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا وہ آج تن آور درخت کی شکل میں پورے ملک میں پھیل چکا ہے انہوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی مستقل مزاجی پر مبارکباد دیتے ہوئے بالخصوص ویمن ونگ اور نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ 30نومبر کو بھی نیا ریکارڈ قائم کرینگے عمران خان نے کہا کہ آج ملک بھر میں 14اگست سے بھی کئی گنا زیادہ جوش و جذبہ اور جنون سامنے آچکا ہے جس کا حکومت کسی طور سامنا نہیں کرسکے گی۔

ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لینگے لیکن اپنے اوپر ہونے والی کوئی زیادتی بھی برداشت نہیں کریں گے۔قبل ازیں پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن اپنے قائد کی ہر کال پر لبیک کہیں گے عمران خان کے ایک اشارے پر 10لاکھ سے زائد کارکن جاتی عمرہ رائیونڈ میں دھرنا دینے کے لیے تیار ہیں حکمران کسی خوش فہمی میں نہ رہیں اور قوم اپنے قومی ہیرو کے ایک اشارے پر ان کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور شہر سے 30نومبر کو بڑی تعداد میں اسلام آباد کا رخ کریں گے اور اتوار کو صبح 8بجے قذافی سٹیڈیم سے سب سے بڑا جلوس روانہ ہوگا جبکہ مختلف ٹاوٴنز سے دیگر روٹس کے ذریعے بھی لاہور سے پی ٹی آئی کے کارکن اپنی اپنی تیاریوں کے ذریعے احتجاج کے لیے جائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوام بتائیں کہ میٹرو بس منصوبہ ضروری تھا یا لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اہم ہے، ظلم اور ناانصافی برداشت کرنے سے معاشرے میں تباہی آتی ہے۔

ملک کے11کروڑ غریب افراد دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے تحریک انصاف سب سے پہلے خط غربت سے کیارہ کروڑ عوام کو باہر نکالے گی، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے سازش کے تحت دھاندلی کی، نوازشریف الیکشن جیتے ہوتے تو چار حلقے کھولنے سے نہ ڈرتے ، پی ٹی آئی کا اصل مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا تھا ،گونوازگوپر قوم متحد ہے ، حکمران خود کو بچانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ،پُرامن احتجاج تمام شہریوں کاحق ہے ،انہوں نے کہاکہ30نومبرکو اسلام آباد میں بڑا معرکہ ہونے والا ہے کارکن اپنی تمام توانائیاں بچا کر رکھیں ‘آدھے اراکین اسمبلی ٹیکس نہیں دیتے، مہذب معاشرہ ہو تو سارے جیل میں بند ہوں اور جو ٹیکس ادائیگی کرتے ہیں مجھے ان پربھی شک ہے‘ملک میں کسی نے بھی لانگ ٹرم پلاننگ نہیں کی ‘بلکہ تھوڑے سے اشرافیہ کیلئے آ ج بھی قانون سازی کی جارہی ہے ‘دنیا کا امیر ترین شخص نواز شریف صرف پانچ ہزار کچھ روپے ٹیکس ادا کرتا ہے ‘طاقتور طبقہ نہیں چاہتا کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات ہوں اگر ایسا ہوا تو پھر وہ کبھی اقتدار میں نہیں آسکے گا ‘1970کے عام انتخابات کے بعد ملک میں ہونے والے تمام انتخابات میں دھاندلی ہوئی لیکن 2013کے انتخابات میں توکمال ہوگیا ، ان انتخابات میں ہارنے اور جیتنے والے دونوں نے دھاندلی کا الزام لگایا لیکن تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو اس دھاندلی کیخلاف آواز بلند کررہی ہے دنیا میں کسی بھی ملک میں اس وقت ترقی نہیں ہوئی جب تک انکی تعلیم صحت اور انکے بنیادی ضروریات پر پیسہ خرچ نہیں کیا جاتا ‘ترقی یافتی ممالک نے پہلے تعلیم اور صحت پر پیسہ خرچ کیا لیکن ہمارے حکمرانوں کو عوام کی کوئی خبر نہیں‘سرکاری ہسپتالوں ‘سکولوں سمیت کسی بھی ادارے پر توجہ نہیں دی جارہی ‘ہسپتالوں میں چوہے بچوں کو کاٹ رہے ہیں‘ پاکستان میں گندے پانی سے 4لاکھ بچے سالانہ مرجاتے ہیں معاشرتی بے حسی دیکھیں اگراشرافیہ کو کھانسی بھی ہو تو جہاز پکڑ کر بیرون ممالک سے علاج کروانے چلے جاتے ہیں ‘18کروڑ عوام میں سے صرف ساڑھے 8لاکھ ٹیکس دیتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیرِاہتمام نیشنل ہیلتھ پالیسی پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر اعجازاحمدچوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد ، عندلیب عباس ، شفقت محمود ، ڈاکٹر اشرف نظامی، ڈاکٹر تنویر، ڈاکٹر اظہار چوہدری سمیت مایہ ناز پروفیسرز ، ڈاکٹر ز کی بڑی تعداد سیمینار میں شریک تھی، انہوں نے کہا کہ60کی دہائی میں مشرق وسطی سے لوگ تعلیم کے لیے پاکستان آتے تھے، ماضی میں جب میں بھارت سے پاکستان آتا تھا تو ایسا لگتا تھا کہ کسی امیر ملک میں پہنچ گیا ہوں انہوں نے کہا کہ حضرت علی  کاقول ہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان غریب ملک نہیں ہے اس ملک میں بہت سے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے مجھے خیبر پختوانخوا کو دیکھ کر پتا چلا ہے کہ وہاں پر قیمتی معدنیا ت کے بیش بہا ذخائر ہیں جنہیں منصوبہ بندی کے تحت نکالا جائے گا انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ادارے سب خود کھا جاتے ہیں اور ملکوں کو کچھ نہیں ملتا اگر انفرا سٹرکچر درست ہوگا تو صحت کیلئے 6فیصد جی ڈی پی سے بہترین نتائج حاصل ہونگے انہوں نے کہا کہ مجھے ریسرچ پڑھنے سے معلوم ہوا کہ جو ملک میں آلودگی کی صورتحال ہے اس سے عام آدمی کی گیارہ سال تک زندگی کم ہو جاتی ہے ‘کوئٹہ پاکستان کا سب سے زیادہ آلودگی کا شکار شہر بن چکا ہے اور کسی کو کچھ خبر نہیں انہوں نے کہا کہ میں18برس پہلے سیاست میں آیا اور 18برسوں سے وہی کچھ کہتا آرہا ہوں جو میں آج کہہ رہا ہوں لیکن اس وقت لوگوں کو یقین نہیں ہوتا تھا کہ کیا ملک میں تبدیلی آسکتی ہے لیکن آ ج محسوس ہو رہا ہے کہ قوم میں شعور آ چکا ہے عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری نے مجھے ہسپتال میں فون کرکے کہا کہ 2013کا الیکشن ریٹرننگ افسران کا تھا، وہ دھاندلی کی تصدیق بھی کرتے ہیں اور اس کے ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ نواز شریف کو اقتدار میں رہنا چاہیئے یہی بات مولانا فضل الرحمان اور اسفندیار ولی بھی کہتے ہیں، ملک کی جڑوں میں بیٹھے طبقے کو پتہ ہے کہ اگر ان کے مطالبے کے مطابق دھاندلی کی تحقیقات ہوگئی تو پھر وہ کبھی اقتدار میں نہیں آسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کے ووٹوں کی تصدیق ہوئی تو اس میں 60پولنگ کے ووٹ ہی غائب ہیں جبکہ باقی میں صرف چند ہزار کی تصدیق ہوئی ہے اگر یہ سارے الیکشن کی یہ صورتحال ہے تو حکومت کی بنیاد ہی فراڈ پر ہے انہوں نے کہا کہ فراڈ سے آئے ہوئے پارلیمنٹ میں لوگ کیا پاک ہو گئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ شریف برادران اپنی شوگر ملوں کا ہی آٹ کروائیں ، سیمینار سے ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجازاحمدچوہدری ، ڈاکٹر اشرف نظامی، ڈاکٹر تنویر اورڈاکٹر اظہار چوہدری نے بھی خطاب کیا۔