پی ٹی آئی کو 30نومبر کے جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے اسلام آباد انتظامیہ تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی، چوہدری نثار علی خان، پی ٹی آئی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان 45شقوں پر مشتمل معاہدہ طے پایا ہے ۔جلسے کے شرکاء نے معاہدے کی خلاف ورزی کی کوشش کی تو ان کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی، ۔ جناح ایونیو پر جلسے کی اجازت دی گئی ہے ۔ مقررہ وقت پر جلسہ اختتام ہوگا ،کسی قسم کی افراتفری کی اجازت نہیں ہوگی،پی ٹی آئی اس بات کی ذمہ دار ہوگی کہ وہ پرامن طریقے سے جلسہ کوختم کرے، پولیس ، ایف سی اور رینجرز جلسہ گاہ کے باہر اور ریڈ زون میں تعینات ہوگی، جلسہ کے اندر کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی،اسلام آباد آنے والے راستوں پر کوئی کنٹینرز نہیں ہونگے ، بعض ایسے علاقے جہاں پر سکیورٹی خدشات ہیں ان کو بند کیاجائے گا ،ضلعی انتظامیہ کی پوری کوشش ہوگی کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو ،وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

ہفتہ 29 نومبر 2014 09:00

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2014ء )وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو 30نومبر کے جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی اور اگر جلسے کے شرکاء نے ریڈ زون سے ملحقہ سرکاری تنصیبات یا معاہدے کی خلاف ورزی کی کوشش کی تو ان کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی پی ٹی آئی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان 45شقوں پر مشتمل معاہدہ طے پایا ہے ۔

جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عہدیداروں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان جلسہ کے حوالے سے معاملات طے پا چکے ہیں اوراب انہیں جناح ایونیو پر جلسے کی اجازت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت پر جلسہ اختتام ہوگا اور کسی قسم کی افراتفری کی اجازت نہیں ہوگی اور پی ٹی آئی اس بات کی ذمہ دار ہوگی کہ وہ پرامن طریقے سے جلسہ کوختم کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلسے میں شرکت کرنے والے مرد خواتین اور بچوں کے جان کی حفاظت کی ذمہ داری جلسے کے منتظمین پر ہوگی اور اس سلسلے میں اگر جلسے میں شریک کسی بھی شخص کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری بھی جلسہ کے منتظمین پر ہوگی ۔چودہدری نثار نے کہا کہ پولیس ، ایف سی اور رینجرز جلسہ گاہ کے باہر اور ریڈ زون میں تعینات ہوگی جبکہ جلسہ کے اندر کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی تمام ذمہ داری جلسہ کے منتظمین پر عائد ہوگی ۔ چوہدری نثار نے کہا کہ تیس نومبر کے جلسہ اور ملحقہ عمارتوں پر دہشتگردی کارروائیوں کی اطلاعات موجود ہیں تاہم اس کے باوجود حکومت پوری کوشش کرے گی کہ پرامن انداز میں جلسہ منعقد ہو ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد آنے والے راستوں پر کوئی کنٹینرز نہیں ہونگے تاہم بعض ایسے علاقے جہاں پر سکیورٹی خدشات ہیں ان کو بند کیاجائے گا تاہم ضلعی انتظامیہ کی پوری کوشش ہوگی کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ اور تحریک انصاف کے عہدیداروں کے مابین جلسے کے حوالے سے تمام معاملات تحریری طور پر طے پا چکے ہیں اور مجھے امید ہے کہ پی ٹی آئی انتظامیہ طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرے گی ۔