”موجودہ وقت سیاست اور اپوزیشن کرنے کا نہیں“،عمران خان کا دھرنا ختم کرنے اور حکومت کے ساتھ قدم بہ قدم چلنے کا اعلان،عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبہ کا اعادہ،بصورت دیگر دوبارہ سڑکوں پر آنے کی دھمکی

جمعرات 18 دسمبر 2014 09:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور میں آرمی پبلک سکول کے قومی سانحہ پر پارلیمنٹ کے سامنے 126 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے اور اس سانحہ پر حکومت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف قدم بہ قدم چلنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے عام انتخابات 2013 ء میں ہونے والی دھاندلی کے لیے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ دہرایا ہے ۔

وہ بدھ کے روزیہاں ڈی چوک میں کنٹینر پر دھرنا کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی ،خیبر پختونخواہ کے وزیراعلی پرویز خٹک اور پارٹی کے دیگر راہنمابھی موجود تھے۔عمران خان نے کہاکہ پشاور میں گزشتہ روزہونے والے آرمی پبلک سکول کے بچوں کے عظیم سانحہ ہونے پر پی ٹی آئی اپنے126 روز سے جاری دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اپنی زندگی میں پشاور میں بچوں پر ہونیوالے ظلم جیسا واقعہ نہیں دیکھا۔پشاور میں سکول کے بچوں پر دہشت گردوں نے بیدردی کے ساتھ قاتلانہ حملہ کیاہے۔ہسپتال میں جاکر زخمی بچوں کی عیادت کی اور ان کا درد محسوس کیا ۔ وقت کا تقاضاہے کہ سیاسی جماعتوں کو موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اور متحد ہونے کی ضرور ت ہے ۔ پی ٹی آئی سمجھتی ہے موجودہ وقت سیاست اور اپوزیشن کرنے کا نہیں ۔

پی ٹی آئی پشاور کے واقعہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے تمام مطالبات کو بھی ختم کرنے کا اعلان کرتی ہے۔عمران خان نے کہا پی ٹی آئی کے عام انتخابات 2013 ء کو قبول کیا لیکن دھاندلی کو قبول نہ کیا۔ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے انصاف کے تمام دروازے پر دستک دی اور الیکشن ٹربیونلز سمیت تمام ادار وں میں اپنے شفارشات دیں اور آئینی تقاضے پورے کیے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دھاندلی کی تحقیقات نہ ہوئیں تو پی ٹی آئی سڑکوں پر نکل کر دھرنے دے گی اور لانگ مارچ کرے گی ۔

انہوں نے کہا پی ٹی آئی 14 اگست کو ایک لانگ مارچ شروع کیااور 126 دن دنیاکی تاریخ کا طویل دھرنا دیا ۔ پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرت بھی شروع کیے اور مذاکرت میں تعطل بھی آتا رہا۔پی ٹی آئی نے پاکستان بند کرنے اور شہروں کو بند کرنے کا پلان دیا جو کامیاب بھی ہوا اور حکومت کی بنیادیں بھی کھوکھلی ہوئیں۔ عمران خان نے کہا پی ٹی آئی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے حکومت آگے بڑھے اور عام انتخابات 2013 ء میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے فوری جوڈیشل کمیشن تشکیل دے ۔

انہوں نے کہا اب گیند حکومت کی عدالت میں ہے،حکومت نے دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہ کیا تو پی ٹی آئی اپنا آئینی حق لینے کے لیے دوبار ہ سڑکوں پر آسکتی ہے ۔پی ٹی آئی کے دھرنے نے جو قوم کو شعور دیا اور پارٹی نے جو 18 سا ل میں نہ کر سکی ۔ پی ٹی آئی 126 دنوں میں حاصل کیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے دھرنے سے خواتین ،بچوں اور نوجوانوں کو شعور ملا ہے پوری قوم اپنے حقو ق لینے کے لیے جاگ اٹھی ہے ۔