ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں مزید 4 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا،پہلے مرحلے میں ملزم غلام سرور اور راشد قریشی عرف ٹیپو جبکہ دوسرے مرحلے میں اخلاص احمد عرف روسی اور زبیر احمد کو پھانسی دی گئی ،پھانسی سے قبل چاروں دہشت گردوں سے عزیز واقارب کی ملاقات بھی کرائی گئی ، مجرم اپنے والدین اور عزیز واقارب سے مل کر روتے اور انہیں معاف کرنے کی استدعا کرتے رہے،مجرموں نے وصیتیں بھی تحریر کیں،ڈسٹرکٹ جیل کے باہر مسلح افواج ،رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، دہشت گردی میں ملوث مزید چار مجرموں کو آئندہ 48 گھنٹے میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا

پیر 22 دسمبر 2014 08:24

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2014ء)ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں سابق صدر پرویز مشرف کے حملہ کیس کے4 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔اس موقع پر مسلح افواج ،رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری ڈسٹرکٹ جیل اور جیل کے باہر موجود تھے ۔پورے علاقے کو گزشتہ رات سے گھیرے میں لئے رکھا تھا تاکہ کوئی خوشگوار واقعہ رونما ہو سکے۔پہلے مرحلے میں مجرم غلام سرور ولد صفدر حسین اور راشد قریشی عرف ٹیپو ولد محمد انور جن کا تعلق راولپنڈی سے کو پھانسی دی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں اخلاص احمد عرف روسی ولد اخلاق احمد اور زبیر احمد ولد اللہ دتہ کو تختہ دار پر چڑھایا گیا ۔

اس سے قبل چاروں دہشت گردوں سے عزیز واقارب جن میں ان کے والدین ،بہن بھائی اور قریبی رشتہ داروں کی ملاقات کرائی گئی ۔

(جاری ہے)

ملاقات کا یہ سلسلہ تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہا ۔اس دوران چاروں مجرم اپنے والدین اور عزیز واقارب سے مل کر روتے رہے اور انہیں معاف کرنے کی استدعا کرتے رہے۔پھانسی دینے سے قبل مجرموں کا ان کا طبی معائنہ کیا گیا ۔

ڈاکٹروں نے کے بورڈ نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیکر پھانسی گھاٹ لے جایا گیا ۔چاروں مجرموں کی سپیشل مجسٹریٹ نے علیحدہ علیحدہ وصیت تحریر کی اور یہ وصیت سپریٹنڈنٹ جیل کے کے حوالے کر دی گئی۔مجرموں کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دیں گئیں جو انہیں ایمبولینسوں کے ذریعے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ اپنے ساتھ لے گئے ۔چاروں مجرموں کو گزشتہ رات ڈیڑھ بجے کے قریب سینٹرل جیل فیصل آباد سے ڈسٹرکٹ جیل لایا گیا ۔

اس موقع پر رینجرز ،پولیس اور مسلح افواج کی بکتر بند گاڑیاں سینٹرل جیل سے لیکر فیصل آباد ڈسٹرکٹ جیل تک مجرموں کے ہمراہ تھیں تا کہ راستے میں کوئی دہشت گردی کا واقعہ پیش نہ آ سکے۔گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران فیصل آباد ڈسٹرکٹ جیل میں مشرف اور جی ایچ کیو حملہ میں ملوث 6 دہشت گردوں کی پھانسی دینے کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے ۔ان 6دہشت گردوں کے بلیک وارنٹ پر گزشتہ ہفتے جنرل راحیل شریف نے دستخط کئے تھے ۔

مجرموں پر الزام تھا کہ انہوں نے25 دسمبر 2003 کو پرویز مشرف پر حملہ کر کے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ڈاکٹروں نے چاروں دہشت گردوں کی موت کی تصدیق کر دی ۔قبل ازیں پھانسی پانے والوں کے دیگر دو ساتھی عقیل عرف ڈاکٹر عثمان ،ارشد مہربان کو جمعہ کے روز رات 9 بجے پھانسی دی گئی تھی ان دونوں کا تعلق راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ سے تھا۔ادھرفیصل آباد ڈسٹرکٹ جیل میں دہشت گردی میں ملوث مزید چار مجرموں کو آئندہ 48 گھنٹے میں ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔

جن دہشت گرد مجرموں کو آئندہ پھانسی دی جائے گی ان میں لانس نائیک غلام نبی ولد محمد اشرف‘ عبدالمالک عرف سلام ولد اورنگزیب خان‘ نوازش علی اور محمد مشتاق شامل ہیں چاروں مجرموں کی گزشتہ روز صدر مملکت ممنون حسین نے رحم کی اپیلیں مسترد کردی تھیں ان دہشت گردوں کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مختلف دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزام میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

ان مجرموں کی تمام اپیلیں مسترد ہوچکی تھیں اور پھانسی رکنے کی وجہ سے ان کی رحم کی اپیل صدر کے پاس التواء میں تھی جو کہ گزشتہ روز مسترد کردی گئی۔ اب چاروں مجرموں کو ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں پولیس ‘ رینجرز اور مسلح افواج کی نگرانی میں کال کوٹھی میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ مجرموں کے لواحقین کے آئندہ ایک یوم میں ڈسٹرکٹ جیل میں آخری ملاقات کروائی جائے گی۔ اس کے بعد مجرموں کو پھانسی دے دی جائے گی۔ اس سلسلہ میں جیل انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں قبل ازیں فیصل آباد ڈسٹرکٹ جیل میں چھ دہشت گردوں کو پھانسی دی جاچکی ہے۔