ملک میں صرف 1207 ہسپتال اور ایک لاکھ 60 ہزار ڈاکٹر رجسٹرڈ ہیں‘ اسٹیٹ بینک

جمعرات 1 جنوری 2015 08:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم جنوری ۔2015ء) اسٹیٹ بینک کی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی اٹھارہ کروڑ سے زائد آباد کیلئے ملک میں صرف 1207 ہسپتال موجود ہیں اور 2011-12ء میں ہسپتالوں کی تعمیر میں اضافہ 23.02 فیصد ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں 5382 ڈسپنسریاں موجود ہیں جبکہ بنیادی ہیلتھ یونٹ کی تعداد 5404 ہے۔ ملک میں میٹرنٹی اور چائلڈ ہیلتھ سنٹر کی تعداد 696 ہے اور پاکستان میں 2011ء میں 851 تھی۔

راجہ پرویز اشرف حکومت نے میٹرنٹی ہسپتالوں کی تعداد کم کردی جو 696 رہ گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں رورل ہیلتھ سنٹرز کی تعداد میں معمولی اضافہ ہورہا ہے۔ 2007ء میں 561 تھی اور 2012ء میں 593 ہے۔ گذشتہ پانچ سالوں میں صرف 31 نئے رورل ہیلتھ سنٹر تعمیر کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ملک میں ٹی بی سنٹرز کی تعداد 354 ہے۔ 2007ء میں 293 تھے اس طرح 61 نئے ٹی بی سنٹر گذشتہ پانچ سالوں میں بنائے گئے ہیں۔

ان تمام ہسپتالوں میں بیڈز کی کل تعداد ایک لاکھ 1 ہزار 173 بتائی گئی ہے۔ پاکستان میں رجسٹرڈ ڈاکٹروں کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 290 ہے جبکہ رجسٹرڈ ڈینٹل ڈاکٹروں کی تعداد 12 ہزار 544 بتائی گئی ہے جبکہ رجسٹرڈ نرسوں کی تعداد 82 ہزار 119 بتائی گئی ہے جبکہ رجسٹرڈ لیڈی ہیلتھ وزیٹرز کی تعداد 13 ہزار 678 ہے اور ہر سال ان میں معمولی اضافہ ہورہا ہے۔ 2007ء میں ایل ایچ ویز کی تعداد 10 ہزار تھی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 1127 افراد کیلئے ایک ڈاکٹر موجود ہے اور 14 ہزار 406 افراد کیلئے ایک ڈینٹل ڈاکٹر ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہیلتھ سیکٹر میں ملک میں 2007ء میں ہسپتالوں میں اضافہ 0.3 فیصد تھا جبکہ 2012ء میں یہ اضافہ 23.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔