پاکستان نے کسی بھی سبق سے کچھ نہیں سیکھا، بھارتی وزیر دفاع کی ہرزہ سرائی ، پاکستان کیجانب سے نئے سال کے پہلے دن بھی سرحدی حدود کی مسلسل خلاف ورزی کی گئی،منوہرپاریکر کا الزام

جمعہ 2 جنوری 2015 09:59

بنگلورو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جنوری۔2015ء) بھارتی وزیردفاع نے کہا ہے کہ لگتا ہے پڑوسی ملک نے اب بھی کوئی سبق نہیں سیکھا اور وہ سرحد پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹ کے مطابق بنگلور میں ایک تقریب سے خطاب میں بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ پاکستان نے اب بھی کوئی سبق حاصل نہیں کیا اور پاکستان کی جانب سے نئے سال کے پہلے دن بھی سرحدی حدود کی مسلسل خلاف ورزی کی گئی جب کہ پاکستان اور چین سے ملنے والی سرحدوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بھارت دو ایسے پڑوسیوں کے درمیان گھرا ہواہے جن سے ہمارے تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔

پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پڑوسی ملک کی جانب سے سرحد پر سیزفائر کی خلاف ورزی کی گئی جس پر بھارتی فورسز کو خاموشی کے بجائے دگنی قوت کے ساتھ جواب دینا چاہئے تھا۔واضح رہے کہ بھارت نے روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ روزپاکستانی اہلکاروں کو فلیگ میٹنگ کے بہانے بلاکر ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 2 رینجرز کے جوان شہید ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ کئی مہینوں سے جاری سرحدی کشیدگی کے دوران متعدد پاکستانی عام شہری اور سیکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :