کراچی،تیز ہوا کے باعث بی کام کا پیپر شروع ہونے سے 20منٹ قبل ملتوی کردیا گیا ، ہزاروں طلباء امتحانی سینٹروں کے باہر پریشان حال کھڑے رہے

جمعہ 2 جنوری 2015 09:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جنوری۔2015ء) تیز ہوا کے باعث جمعرات کو ہونے والا بی کام کا پیپر شروع ہونے سے 20منٹ قبل ملتوی کردیا گیا۔ ہزاروں طلباء امتحانی سینٹروں کے باہر پریشان حال کھڑے رہے۔کنٹرولر ایگزامینشن کے مطابق پیپر تیز ہوا کے باعث امتحانی سینٹرز کے شامیانے گرجانے کی وجہ سے اسے ملتوی کیا گیا۔طلباء نے احتجاجاََ یونیورسٹی روڈ بلاک کردی۔

شیخ زید سینٹر کے سامنے طلباء نے گو کنٹرولر گو ، گوVCگو کے نعرے لگائے۔ مشتعل طلباء کو کنٹرول کرنے کے لئے رینجرز طلب کی گئی۔ طلباء کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی امتحانی فیس کی مد میں بھاری رقم وصول کرتی ہے مگر اس کے پاس باقاعدہ امتحانی سینٹرز کا نظام نہیں۔شامیانے لگا کر امتحان لئے جاتے ہیں جہاں کرسی ٹیبل کا مناسب انتظام موجود نہیں ۔

(جاری ہے)

ایک طالبعلم کا کہنا تھا کہ تیز ہوا صبح سے چل رہی تھی سینٹرز کو جامعہ کراچی کے شعبہ جات میں منتقل کرکے امتحان لیا جا سکتا تھا مگر جامعہ کراچی نے اس وقت تک کوئی اعلامیہ جاری نہ کیا جب تک تمام شامیانوں نے گر کر جامعہ کی بد انتظامی کی قلعی کھول دی۔ جامعہ کراچی کے کنٹرولر ارشد عزمی نے امتحانات کے حوالے سے بلند و بانگ دعوے کیے لیکن گذشتہ سالوں کی طرح اس بار پھر امتحانات بد انتظامی کا شکار ہوگئے۔Externalاسٹوڈنٹس کے لئے امتحانی مراکز کے قیام اور کنونشن سینٹرز منظوری کے باوجود نہیں بنائے جا سکے۔ ہزاروں طلباء امتحان آج بھی ٹینٹ تلے کرسیوں پر پیپرز دینے پر مجبور ہیں۔

متعلقہ عنوان :