دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جیت ہی واحد آپشن ہے، عبرتناک شکست انسانیت کے دشمنوں کا مقدر بنے گی:شہبازشریف،قومی قیادت کا متفقہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے، دہشتگردوں کوکہیں پناہ نہیں ملے گی،ملکی استحکام و ترقی کیلئے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وقت آگیا ہے، معاشرے کے ہر فرد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے، قومی قیادت کا دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اوراتحاد دہشت گردوں کیلئے عبرتناک انجام کا پیغام ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی اراکین اسمبلی کے وفد سے گفتگو

منگل 6 جنوری 2015 09:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔6 جنوری۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہقومی قیادت کا متفقہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان کے استحکام و ترقی کیلئے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وقت آگیا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنا ہی واحد آپشن ہے۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عبرتناک شکست انسانیت کے دشمنوں کا مقدر بنے گی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردوں کا ناپاک وجود ختم کر کے ہی پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنایا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے ۔

ملک کی بقاء، استحکام ، ترقی ،خوشحالی اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ موجودہ غیرمعمولی صورتحال فوری غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ اے پی سی کے جرأت مندانہ فیصلے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آئندہ نسلوں کو پرامن پاکستان دینے کیلئے قومی و عسکری قیادت کا مثالی اتفاق رائے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تاریخی حیثیت رکھتاہے۔

دہشت گردوں کو اپنے ظلم اور بربریت کا حساب دینا ہوگا۔پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے بیدار اور متحد ہو چکی ہے۔قوم کے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف جنگ میں جیت ہی واحد آپشن ہے اور پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ سیاسی ،عسکری اورمذہبی قیادت نے قوم کی توقعات کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متفقہ نیشنل ایکشن پلان بنایا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدر آمد سے ملک میں امن قائم ہوگا۔معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے جلد اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا سکھ اورچین چھیننے والے وحشی درندوں کے حساب کی گھڑی آپہنچی ہے۔

قومی قیادت کا دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اوراتحاد دہشت گردوں کیلئے عبرتناک انجام کا پیغام ہے ۔پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک ہوگی۔ دہشت گردوں کوپاکستانیوں کے بہائے گئے خون کے ہر قطرے کا حساب دینا ہوگا۔قوم کے باہمی اتحاد ،قومی قیادت کے جرأت مندانہ فیصلوں اور عزم سے دہشت گردی کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوگا اورپرامن ،ترقی یافتہ اورخوشحال پاکستان کا خواب ضرورشرمندہ تعبیر ہوگا۔ ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی میں افتخار احمد، ذوالفقار علی خان، جاوید اقبال اعوان، عبدالقدیر علوی، چوہدری محمودالحسن چیمہ، لیفٹیننٹ کرنل (ر) سردار ایوب خان اور شفقت محمود شامل تھے۔