جاپان میں روائتی کیک ”موچی“ نے 9 افراد کی جان لے لی

منگل 6 جنوری 2015 09:22

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔6 جنوری۔2015ء) جاپان میں روائتی کیک ”موچی“ کھانے سے 9 افراد ہلاک جب کہ 13 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں روائتی کیک ”موچی“ کھانے سے 9 افراد ہلاک اورمتعدد کی حالت غیر ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے 13 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

”موچی“ کیک جاپانی روایت کا خاص حصہ سمجھا جاتا ہے اور ہر دفعہ نئے سال کی آمد کے موقع پر گھروں اور ہوٹلوں میں خصوصی طور پر تیار کیا جاتا ہے کیونکہ اس کیک میں کافی چپچپاہٹ ہوتی ہے اسی وجہ سے لوگوں کو اس کیک کو نگلنے میں کافی مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔

دوسری جانب جاپان کے محکمہ صحت کا کہنا ہے لوگوں کو اس بات سے مسلسل آگاہ کیا جاتا ہے کہ جب یہ روایتی کیک کھانے کے لئے پیش کیا جائے تو اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلئے جائیں تاکہ اسے نگلنے میں آسانی ہوسکے۔ حکام کا کہنا تھا کہ جو لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے انہوں نے بھی کیک کا بڑا پیس ایک ساتھ نگلنے کی کوشش کی جس نے گلے میں پھنس کر مرنے والوں کی سانس کی نالیوں کو متاثر کیا۔