پنجاب اور سندھ میں آٹا سستا اور خیبر پختونخوا میں آٹا مہنگا ہونے کا اندیشہ

بدھ 7 جنوری 2015 09:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 جنوری۔2015ء) ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین نعیم بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گندم کی وافر مقدار موجود ہونے کے باوجود پنجاب اور سندھ میں گندم کوٹے کے ریٹ کم کردیئے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کی فلور ملز انڈسٹری کے لئے پرانے گندم کوٹہ ریٹ برقرار رکھے گئے ہیں جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا کی عوام مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی ایگزیکٹو بڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے لئے گندم کوٹہ کا ریٹ 1280 روپے فی 40کلو  سندھ کے لئے 1250 روپے فی 40 کلو جبکہ کیبر پختونخوا کے لئے 1330 روپے فی 40کلو گندم کوٹہ کا ریٹ مقرر کیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس صورتحال میں پنجاب اور سندھ میں آٹے کے ریٹ کم ہوگئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں آٹے کے ریٹ بڑھ جائیں گے ۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور صوبائی وزیر خوراک سے اس اہم مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں گندم کوٹہ کا ریٹ پنجاب کے گندم کوٹہ کے برابر لایا جائے تاکہ خیبر پختونخوا کی عوام کو بھی سستا آٹا میسر آسکے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں گندم کوٹہ ریٹ کم ہونے کی وجہ سے وہاں آٹے کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا کی فلور ملز انڈسٹریز کو بہت نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں گندم کوٹے کا ریٹ کم نہ ہوا تو یہاں کی فلور ملز انڈسٹری کے بند ہونے کا اندیشہ بڑھ جائے گا جس کی وجہ سے یہاں بے روزگاری بڑھ جائے گی۔

متعلقہ عنوان :