امریکہ، بدعنوانی کا الزام ثابت ہونے پر ورجینیا کے سابق گورنر کو دو سال قید

جمعرات 8 جنوری 2015 08:53

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جنوری۔2015ء)امریکہ کی ایک عدالت نے ریاست ورجینیا کے سابق گورنر رابرٹ مِک ڈانیل کو بدعنوانی کا الزام ثابت ہونے پر دو برس قید کی سزا سنائی ہے۔مِک ڈانیل اور ان کی اہلیہ مورین پر الزام تھا کہ انہوں نے جونی ولیمز نامی ایک متمول تاجر سے ایک لاکھ 77 ہزار ڈالر مالیت کے تحائف اور رقم لی تھی جو ریاستی حکام سے بعض کاروباری رعایتوں کا طالب تھا۔

ساٹھ سالہ مِک ڈانیل اپنے عروج کے زمانے میں صفِ اول کے ری پبلکن رہنما قرار دیے جاتے تھے اور انہیں مستقبل میں ری پبلکن پارٹی کے ٹکٹ پر امریکہ کے صدر یا نائب صدر کے عہدے کا متوقع امیدوار سمجھا جاتا تھا۔لیکن گزشتہ سال کے آغاز میں گورنر کے عہدے سے دستبردار ہونے کے چند ہفتے بعد ہی مِک ڈانیل کے ستارے اس وقت گردش میں آگئے تھے جب حکام نے رشوت ستانی کے الزام میں ان کے اور ان کی اہلیہ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔

(جاری ہے)

طویل قانونی کارروائی کے بعد گزشتہ سال ستمبر میں مقدمے کی سماعت کرنے والی جیوری نے دونوں میاں بیوی کو رشوت لینے کے الزام میں مجرم قرار دے دیا تھا۔مِک ڈانیل کے وکلا نے عدالت سے اپیل کی تھی کہ انہیں جیل بھیجنے کے بجائے چھ ہزار گھنٹوں تک 'سماجی خدمات' انجام دینے کی سزا دی جائے جسے عدالت کے جج نے مسترد کردیا تھا۔منگل کو جج جیمز اسپینسر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ وہ مِک ڈانیل کو نرم سزا دینے کے مطالبات اور ان کی حمایت میں آنے والے بیانات سے متاثر ہوئے ہیں لیکن ملزم کو اپنے کیے کا "کچھ خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا"۔

امریکی قوانین کے تحت مِک ڈانیل جس درجے کی بدعنوانی میں ملوث پائے گئے تھے انہیں اس پر 10 سال سے زائد قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا تھا۔لیکن مروجہ اصولوں سے کہیں کم سزا پانے کے باوجود مِک ڈانیل کے وکلا نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔عدالت مقدمے کی شریک ملزمہ مورین مِک ڈانیل کو آئندہ ماہ سزا سنائے گی جو اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرچکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :