کیوبا نے امریکہ کے 53سیاسی قیدی رہا کر دیے

جمعرات 8 جنوری 2015 08:55

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جنوری۔2015ء) امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ کیوبا نے امریکی فہرست میں شامل 53 سیاسی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان جین پساکی کا کہنا تھا کہ امریکہ فہرست میں موجود ان تمام قیدیوں کی رہائی کی امید کر رہا تھا تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فی الحال کن لوگوں کو رہا کیا گیا ہے۔امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان کے مطابق کیوبا نے پہلے ہی چند قیدیوں کو رہا کر دیا ہے تاہم ہم چاہیں گے کہ مستقبل میں تمام قیدی رہا ہو جائیں۔

جین پساکی کا کہنا تھا کہ فہرست کو امریکہ اور کیوبا کی حکومت کے ساتھ انسانی حقوق کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کو آخری بحث کے طور پر نہ دیکھا جائے۔خیال رہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے گذشتہ ماہ اپنی انتظامیہ کو کیوبا کے ساتھ سفارتی اور معاشی تعلقات کو معمول پر لانے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

امریکہ اور کیوبا کے تعلقات 1960 کی دھائی میں اس وقت سرد مہری کا شکار ہو گئے تھے جب کیوبا کے انقلاب کے بعد امریکہ نے سفارتی تعلقات توڑ کر کیوبا پر اقتصادی پابندیاں عائد کر دیں تھیں۔

دوسری جانب صدر اوباما کے مخالفین نے کیوبا میں انسانی حقوق کے حوالے سے اپنے خدشات ظاہر کیے ہیں۔سینیٹر مارکو روبیو نے دونوں ممالک کے درمیان کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں اس ماہ ہونے والے مذاکرات کو تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی تک منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ کیوبا کے انسانی حقوق کے ریکارڈ اور سیاسی نظام کی تبدیلی کے حوالے سے کچھ نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :