الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں قائدین اور ممبران قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، نواز شریف امیر ترین رکن اسمبلی ،کل اثاثے 2ارب9 کروڑ 11 لاکھ39455 روپے ہیں ، غریب ترین رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے پاس گاڑی ،گھر نہیں ، صرف اسمبلی کی تنخواہ پر گزارا کرتے ہیں،عمران خان کے کل اثاثے 3 کروڑ 27 لاکھ ،مولانا فضل الرحمن کے کل اثاثوں کی رقم67لاکھ روپے،کوئی ذاتی گاڑی نہیں

جمعہ 9 جنوری 2015 08:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جنوری۔2015ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں قائدین اور ممبران قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق سب سے زیادہ امیر ترین وزیر اعظم نواز شریف ہیں جن کے کل اثاثے 2ارب9 کروڑ 11 لاکھ39455 روپے ہیں جبکہ غریب ترین رکن قومی اسمبلی جمشید دستی ہیں جن کے پاس گاڑی ،گھر نہیں ہیں صرف اسمبلی کی تنخواہ پر گزارا کرتے ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے کل اثاثے 3 کروڑ 27 لاکھ ہیں ۔مولانا فضل الرحمن کے کل اثاثوں کی رقم67لاکھ روپے ہیں ۔کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے ۔جمعرات کے روز الیکشن کمیشن نے تمام ارکان اسمبلی کے اثاثے جاری کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف اس وقت سب سے امیر ترین رکن پارلیمنٹ ہیں ۔

(جاری ہے)

جن کے کل اثاثے 2ارب9 کروڑ 11 لاکھ39455 روپے ہیں۔نواز شریف کے بیرون ملک بینک اکاؤنٹ میں 19 کروڑ روپے اور اس کے علاوہ چوہدری شوگر مل کے12 کروڑ کے حصص ہیں ۔

22 لاکھ حدیبیہ انجینئرنگ کارپوریشن اور34لاکھ کی پیر محل کارپوریشن ہیں۔نواز شریف کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کل اثاثے 3 کروڑ 27 لاکھ ہیں ۔گزشتہ سال عمران خان کے اثاثے 2 کروڑ 96 لاکھ ظاہر کئے گئے تھے ۔ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے کل اثاثہ جات 29 لاکھ 31 ہزار625 روپے ہیں،اس میں انہوں نے5لاکھ کی گاڑی،75 ہزار کا سونا اور 14 لاکھ کے دو فلیٹ ظاہر کئے ہیں۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کے پاس اس وقت ایک کروڑ سے زائد اثاثے ہیں ۔اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور کے پاس 3 کروڑ 91 کے اثاثے ہیں ۔آفتاب احمد شیر پاؤ کے 13 کروڑ 65 لاکھ 91 ہزار 553 روپے ہیں۔محمود خان اچکزئی کے پاس 30 تولے سونا اور6 لاکھ کا فرنیچر ہے ۔ان کے پاس دو بلٹ پروف گاڑیاں جو سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی اجازت پرامپورٹ کی گئی تھی ۔

سالانہ آمدن150 کروڑ ہے جس کا 1/8 حصہ ان کو ملتا ہے۔الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے وزیراعلیٰ میں سب سے امیر ترین شہباز شریف ہیں ان کی کل اثاثوں کی ملکیت55 کروڑ ہے۔ان کی بیگم نصرت شہباز کے نام 27 کروڑ روپے اور دوسری بیوی تہمینہ درانی کے نام ایک کروڑ ہے۔ان کی ذاتی ملیکت میں26 کروڑ22 لاکھ کے اثاثے ہیں۔وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے27 کروڑ47 لاکھ94 ہزار 751 روپے ہے۔وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی کل اثاثوں کی ملکیت1 کروڑ 93 لاکھ78 ہزار23 روپے ہے۔وزیراعلیٰ عبد المالک کی کل اثاثوں کی رقم 6 کروڑ 66 لاکھ روپے ہے۔