آئینی ترامیم امام خانہ کعبہ،امام مسجد نبوی،جامعة الازہر اور پاکستانی علمائے حق کے ان فتوؤں کی روشنی میں کی گئی ہیں،پرویز رشید، مذہب کے نام پر دہشتگردی ختم کرنے سے مذہب پر بے بنیاد اعتراضات کو ختم کرنے کا موقع ملے گا، فوجی عدالتوں کا قانون محدود جرائم اور محدودوقت کیلئے مخصوص ہے ،بیان

جمعہ 9 جنوری 2015 09:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جنوری۔2015ء)وفاقی وزیر اطلاعات نشریات وقومی ورثہ پرویز رشید نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم امام خانہ کعبہ،امام مسجد نبوی،جامعة الازہر اور پاکستانی علمائے حق کے ان فتوؤں کی روشنی میں کی گئی ہیں جو وہ دنیا کودہشتگردی سے دنیا کو پاک کرنے کیلئے وقتاً فوقتاً جاری کرتے رہے ہیں۔جمعرات کو جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ پرویز رشید نے کہا کہ مذہب کے نام پر کی جانے والی دہشتگردی کو ختم کرنے سے مذہب پر لگنے والے بے بنیاد اعتراضات کو ختم کرنے کا موقع ملے گا۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ دہشتگردوں نے مذہب کا نام استعمال کرکے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے پرامن مسلمانوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔حتی کہ ان ہی دہشتگردوں کی وجہ سے ہمارے اکابر علماء کرام بین الاقوامی ائرپورٹس پرامیگریشن کی نظروں میں شکوک وشبہات کی نظروں سے جانچے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی عدالتوں کا قانون محدود جرائم اور محدودوقت کیلئے مخصوص ہے،یہ قانون ہمیں ان دہشتگردوں سے نجات دلائے گا جو عبادت گزاروں کو عبادت گاہوں سے محروم رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نشریات وقومی ورثہ پرویز رشید نے کہا کہ ان قوانین پر اعتراضات کرنے والوں نے دہشتگرد کے جاری کردہ بیانات کا مطالعہ بھی کیا ہوگا۔کیا اس کے بعد بھی ان کے اعتراضات کی کوئی گنجائش اور بنیاد باقی رہ جاتی ہے