دبئی نے لیاری گینگ وار کے مرکزی کردارعزیز بلوچ کو پاکستان کے حوالے کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی،عزیر جان بلوچ کو پاکستان واپس لانے کیلئے تشکیل دی جانے والی سندھ پولیس کی ٹیم کو تاحال اسلام آباد سے منظوری کا انتظار

ہفتہ 10 جنوری 2015 08:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جنوری۔2015ء)دبئی حکام نے لیاری گینگ وار کے مرکزی کردارعزیز بلوچ کو پاکستان کے حوالے کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے تاہم عزیر جان بلوچ کو پاکستان واپس لانے کیلئے تشکیل دی جانے والی سندھ پولیس کی ٹیم کو تاحال اسلام آباد سے منظوری کا انتظار ہے۔دبئی حکام نے پاکستان کو مطلوب لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو پاکستانی حکام کے حوالے کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عزیر بلوچ کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان معاملات کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی جس کے بعد کسی بھی وقت عزیر بلوچ کو پاکستان لایا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ عزیر بلوچ جعلی پاسپورٹ پر براستہ ایران دبئی پہنچا تھا جسے گزشتہ ماہ انٹرپول نے دبئی سے گرفتار کیا تھا لیکن دبئی حکام کی جا نب سے لیاری گینگ وار کے سربراہ کو پاکستان کے حوالے کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

ایک سینئر افسرکے مطابق اسلام آباد میں حکام پولیس ٹیم کے دبئی جانے سے پہلے سفارتی اور رسمی کارروائی مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔ ایک ایس ایس پی درجہ کے افسر کی سربراہی میں ٹیم دبئی جانے کی منتظر ہے۔ وزارت داخلہ اور خارجہ کے حکام یو اے ای حکومت اور وہاں موجود پاکستانی سفارت کاروں کے ساتھ رسمی کارروائی مکمل کر رہے ہیں، جس میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔کراچی پولیس کے مطابق سندھ پولیس کی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے لیکن فی الحال وہ کچھ نہیں کر سکتے کیونکہ کسی دوسرے ملک سے مطلوبہ شخص کو تحویل میں لینے کیلئے رسمی سفارتی کارروائی مکمل کرنا ضروری ہے اور یہ ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔