آئندہ انتخابات میں وزیراعظم میں بنوں گا،خورشید شاہ ،ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کب تک موم بتیاں جلاتے رہیں گے ،بلاول نے چہرہ بچا کر ناک کٹوانے کی بات کی، پاکستان ہمارا چہرہ ہے اور پارٹی ہماری ناک ہے،متفقہ فیصلے کے پیش نظر کڑوی گولی کھا کر فوجی عدالتوں کی حمایت کی ، لیبر کنونشن سے خطاب ،میڈیا سے گفتگو

اتوار 11 جنوری 2015 10:19

سکھر،پنوں عاقل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جنوری۔2015ء)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ کب تک موم بتیاں جلاتے رہیں گے ،بلاول نے چہرہ بچا کر ناک کٹوانے کی بات کی،پاکستان ہمارا چہرہ ہے اور پارٹی ہماری ناک ہے،متفقہ فیصلے کے پیش نظر کڑوی گولی کھا کر فوجی عدالتوں کی حمایت کی،خورشید شاہ کا کہناہے کہ آئندہ انتخابات میں وہ وزیراعظم بنیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سکھر میں میڈیا سے گفتگو اور پنوں عاقل میں میں لیبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔خورشید شاہ نے عمران خان کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان جذباتی آدمی ہیں،خدا انہیں اپنی حفظ وامان میں رکھے عمران خان کو دھرنے سے کچھ تو ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوازشریف2تہائی اکثریت سے وزیراعظم منتخب ہوئے لیکن دھرنے سے ان کے ہاتھ پاؤں ٹھنڈے پڑ گئے تھے ہمیں فرینڈلی اپوزیشن کا بھی طعنہ دیاگیا مجھے فخر ہے کہ پارلیمان کو بچانے کیلئے کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ کب تک موم بتیاں جلاتے رہیں گے،دہشتگردی کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان ہوا،دہشتگردی کے باعث لوگوں نے پاکستان آن چھوڑ دیا تھا حالات بہتر ہوں گے تو معیشت بھی بہتر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ طالبان ملک کے خلاف نہیں مذہب کے خلاف لڑ رہے ہیں ہم نے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فوجی عدالتوں کی حامی بھری اور متفقہ فیصلے کے پیش نظر کڑوی گولی کھا کر فوجی عدالتوں کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دھماکوں سے بیرون ملک لوگ ڈر جاتے ہیں،بلاول نے فوجی عدالتوں بارے کہا کہ چہرہ بچا کر ناک کٹوائی اور پاکستان ہمارا چہرہ ہے اور پارٹی ہماری ناک ہے،اس کا مطلب ہے کہ ہم نے ملک کو پارٹی پر ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مدارس میں مذہبی انتہا پسندی نہیں ہونی چاہئے،فوجی عدالتوں میں مقدمات وفاقی حکومت بھیجے گی،صوبائی حکومتیں مقدمات نہیں بھیجیں گی۔

ایک سوال پر کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ایک اور سوال پر کہا کہ میری بھی2شادیاں ہیں اور دونوں بیویاں میرے ساتھ ہیں۔بھارتی جارحیت کے حوالے سے خورشید شاہ نے کہا کہ بھارت سمجھ لے ہم نیوکلےئر پاور ہیں ۔دریں اثناء میڈیارپورٹ کے مطابق پنو عاقل میں لیبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی حکمران جماعت بن کر ابھرے گی اور وزیراعظم میں بنوں گا کیونکہ موجودہ دور حکومت کو بحران سے نکالنے میں مرکزی کردارادا کیا ہے جبکہ نوازشریف دو تہائی اکثریت سے منتخب ہوئے لیکن دھرنوں سے ان کے ہاتھ ٹھنڈے ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فوجی عدالتوں کی حامی بھری ہے، ملک میں سیاسی حالات کی بہتری سے معیشت بھی بہتر ہوگی جبکہ تمام صوبوں کو 18 ویں ترمیم کے بعد برابری کے حقوق حاصل ہیں۔