ٹی ٹی پی کے سابق عسکریت پسندوں کا ایک آن لائن وڈیو میں شام و عراق میں سرگرم گروپ دولت اسلامیہ کی اطاعت قبول کرنے کا اعلان

پیر 12 جنوری 2015 06:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2015ء) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق عسکریت پسندوں نے ایک آن لائن وڈیو میں شام و عراق میں سرگرم گروپ دولت اسلامیہ کی اطاعت قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس وڈیو میں سابق طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد اور دیگر درجنوں عسکریت پسندوں کو دکھایا گیا ہے۔شاہد اللہ شاہد پہلے ہی اکتوبر میں ایک آڈیو پیغام میں دولت اسلامیہ کی حمایت کا اعلان کرچکا ہے۔

بعد میں کالعدم ٹی ٹی پی نے شاہد اللہ شاہد کو عہدے سے ہٹا دیا تھا جب کہ وڈیو میں دیگر عسکریت پسند رہنما?ں نے خود کو افغانستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والا بتاتے ہوئے دولت اسلامیہ کے ساتھ تعاون کا عہد کیا۔دہشتگردی پر نظر رکھنے والے ایک امریکی سائٹ انٹیلی جنس گروپ کا کہنا ہے کہ اس وڈیو کو دولت اسلامیہ نے ٹوئٹر اور جہادی فورمز پر جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس وڈیو سے دولت اسلامیہ گروپ کے پاکستان اور افغانستان میں حمایت ملنے کے حوالے سے خدشات میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ یہ خطہ پہلے ہی درجنوں عسکریت پسند گروپس سے بھرا ہوا ہے۔امریکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق وڈیو کے آخر میں ان عسکریت پسندوں نے ایک شخص کا سر قلم بھی کیا دعویٰ کیا کہ یہ ایک پاکستانی فوجی تھا۔اس وڈیو پر فوری طور پر فوجی یا حکومت کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آسکا ہے۔

متعلقہ عنوان :