جان کیری پاک امریکہ سٹرٹیجک مذاکرات کیلئے آج سلام آباد پہنچیں گے، وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف سے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے،دورہ پشاور بھی متوقع ،امریکی وزیر خارجہ پاک بھارت مذاکراتی عمل کی حوصلہ افزائی اور موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے حوالے سے صدر اوبامہ کا خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے، پاکستان کے لئے اقتصادی پیکج کا اعلان بھی کرسکتے ہیں، سفارتی ذرائع

پیر 12 جنوری 2015 06:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2015ء)امریکی وزیر خارجہ جان کیری پاک امریکہ سٹرٹیجک مذاکرات کیلئے آج(پیرکو) اسلام آباد پہنچیں گے،سفارتی ذرائع کے مطابق جان کیری وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔وہ وزیراعظم نوازشریف کو پاک بھارت حالیہ سرحدی کشیدگی کے تناظر میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل کی حوصلہ افزائی اور موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے حوالے سے صدر اوبامہ کا خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ جان کیری پہلے ہی خفیہ طورپر بھارت کے ساتھ پاکستان سے تعلقات کو معمول پر لانے کا معاملہ اٹھا چکے ہیں۔وہ کل 13جنوری کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے سٹرٹیجک مذاکرات میں شرکت کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات اور توانائی،سیکورٹی،سٹرٹیجک استحکام،ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ،دفاعی مشاورتی گروپ،انسداد دہشتگردی،امن وامان کے نفاذ اور معیشت وخزانہ سمیت پانچ اہم شعبے شامل ہیں جو کہ زیر بحث آئیں گے۔

(جاری ہے)

سٹرٹیجک مذاکرات کے بعد جان کیری چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کریں گے جس میں وہ دوطرفہ دفاعی معاہدوں،سیکورٹی معاملات،انسداد دہشتگردی اور افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد پیدا شدہ علاقائی خدشات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ ملاقات میں آپریشن ضرب عضب،دہشتگردی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیر بحث آئیں گے۔

توقع کی جارہی ہے جان کیری پشاور میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے آرمی پبلک سکول کا بھی دورہ کریں گے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک امریکہ سٹرٹیجک مذاکرات میں توانائی کے شعبے کے اہم حصہ ہونے کی وجہ سے انکا تربیلا ڈیم کا بھی دورے کا توقع ہے۔دوطرفہ مذاکرات میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے ذرائع تلاش کرنے پر بھی خصوصی طور پر بات ہوگی جبکہ جان کیری افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات بڑھانے کیلئے سفارتی چینلز کا بھی استعمال کریں گے۔

دونوں ملکوں کے درمیان سٹرٹیجک مذاکرات پانچ شعبوں پر مشتمل ہیں اور پہلے سے ہی ورکنگ گروپ کے ذریعے زیر بحث آچکے ہیں، ساہم وزارتی سطح کی ملاقات اسکو اور بھی اہمیت دے گی۔وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں دیگر شعبوں پر بھی بات چیت ہوسکتی ہے۔دریں اثناء سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جان کیری اس دوران پاکستان کو دی جانے والی اقتصادی امداد پر بھارت کے اعتراضات کو نظر انداز کرتے ہوئے آئندہ سالوں کیلئے پاکستان کیلئے اقتصادی پیکج کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں 532ملین ڈالرز کی امریکی امداد کے اجراء کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا، اس حوالے سے کیری کی جانب سے مثبت جواب ملنے کا امکان ہے،جان کیری پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد متوقع طور پر کابل جائیں گے