حکومت کا ملک میں مردم شماری کرانے کا اصولی فیصلہ، باقاعدہ منظوری مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں متوقع

پیر 12 جنوری 2015 06:06

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2015ء )حکومت کی طرف سے ملک میں مردم شماری کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں متوقع ہے سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے طویل عرصہ سے مردم شماری نہ ہونے پر اس حوالے سے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ بلوچستان کی طرف سے اس کی مخالفت کی جارہی تھی تاہم بلوچستان حکومت کو بھی راضی کرلیا گیا ہے اور قوی امید ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت نے حساس علاقوں میں مردم شماری کیلئے فوج اور نیم فوجی اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے بھی اعلیٰ سطحی صلاح مشورہ جاری ہے دوسری جانب تنظیم مردم شماری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی طرف سے ملک بھر میں مردم شماری کیلئے اقدامات مکمل ہیں اور حکومت کی طرف سے سگنل ملتے ہی کام شروع کردیا جائے گا مردم شماری تنظیم نے بھی حساس علاقوں میں مردم شماری کیلئے فوج کی خدمات حاصل کرنے کا حکومت کو مشورہ دیا ہے اور اس مقصد کیلئے دس ارب روپے کا مطالبہ بھی کیا ہے

متعلقہ عنوان :