دادرسی کیلئے ایم کیو ایم کے وفد کی چوہدری نثار سے ملاقات ناکام،طفل تسلیوں پر اراکین سیخ پا ہوگئے،عبدالرشید گوڈیل کی قیادت میں ملنے والے وفد نے وفاقی وزیرداخلہ کو سندھ میں کارکنوں کی ٹاگٹ کلنگ پر مداخلت کرنے اور صوبائی حکومت سے بات کرنے کی اپیل کی،صوبائی حکومت سے بات کرسکتے ہیں ہدایات نہیں دے سکتے ،کراچی کے معاملات گھمبیر ہیں جلد دورہ کروں گا،چوہدری نثار کا جواب،آپ پہلے بھی دورے کرتے رہے لیکن ہمارے مسائل حل نہیں ہوئے،ہم نے آئینی ترمیم سمیت دیگر ایشوز پر حکومت کا ساتھ دیا لیکن ہمیں دیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے،ایم کیو ایم کا شکوہ

جمعرات 15 جنوری 2015 08:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جنوری۔2015ء)کراچی میں کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ پر دادرسی کیلئے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملنے والے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ناکام رہی،چوہدری نثار کی طرف سے طفل تسلیوں پر ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی سیخ پا ہوگئے،صوبائی اسمبلی سندھ سے بات کرسکتے ہیں ہدایات نہیں دے سکتے،چوہدری نثار کا جواب۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے ایک نمائندہ وفد نے گزشتہ روز پارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل کی قیادت میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی،جس میں ایم کیو ایم کے خلاف کالعدم تنظیموں کی کارروائیوں کے متعلق آگاہ کیا۔ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان نے وفد کے مطالبات پر کوئی تسلی بخش جواب نہ دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بلا امتیاز کالعدم تنظیمو ں کے خلاف کارروائی کرے گی لیکن ایم کیو ایم کے مطابق ان کے کارکنوں کے خلاف کارروائی میں صوبائی حکومت سندھ بھی ملوث ہے تو یہ معاملہ بڑا گھمبیر ہے،اس حوالے سے وفاقی حکومت سندھ حکومت سے بات کرسکتی انہیں ہدایات نہیں دے سکتی۔ملاقات کے دوران عبدالرشید گوڈیل اور دیگر پارٹی اراکین اسمبلی وفاقی حکومت کے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر مایوس ہوگئے جبکہ بعض اراکین نے انتہائی سخت لہجے میں بھی بات کی۔

تاہم بعد میں معاملے کو سلجھا دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے وزیرداخلہ کو کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والی بعض اہم شخصیات کی نشاندہی بھی کی اور ان کے متعلق تفصیلات بھی فراہم کیں جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ اس معاملے میں آئندہ چند دنوں تک کراچی کا دورہ کریں گے اور ایم کیو ایم کے ایشوز کو حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیرداخلہ کے اس جواب پر ایم کیو ایم کے ایک رکن اسمبلی نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ اکثر پہلے بھی کراچی میں آتے رہے ہیں لیکن ہمارے مسائل حل نہیں ہوئے،اس موقع پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر کی طرف سے فوری طور پر ریلیف نہ دینے پر ایم کیو ایم کے وفد نے مایوسی کا اظہار کیا،تاہم امید ظاہر کی کہ حکومت ان کے مسئلے کو حل کرائے گی۔