سعودی عرب، تارکین وطن اہل خانہ کے لیے آ ن لائن ویزا سروس کا اعلان

جمعہ 16 جنوری 2015 08:44

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء)سعودی وزارت داخلہ غیر ملکی تارکین وطن کے اہل خانہ کے لیے ویزوں کا اجرا آ ن لائن ممکن بنانے کی خاطر اقدام کر رہی ہے۔ اس صورت میں ویزے کے خواہشمند افراد کے لیے سعودی محکمہ پاسپورٹ یا وزارت خارجہ میں خود آنا ضروری نہیں ہو گا۔ غیر ملکی تارکین وطن کو یہ آ ن لائن سہولت دفاتر میں ویزے کے خواہشمندوں کا جمگھٹا کم کرنے کے لیے فراہم کی جا رہی ہے۔

اس سہولت کے ملنے سے ویزے کے لیے درخواست کرنے والوں کو اپنی درخواستوں کے ساتھ متعدد دستاویزات لگانے سے نجات مل جائے گی۔’اس آ ن لائن منصوبے کا آغاز اس سلسلے میں ایک کامیاب پائلٹ پروگرام کے بعد کیا جا رہا ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست گذاروں کو تمام کوائف مکمل درستی کے ساتھ پیش کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس میں کسی تضاد یا غلطی کی صورت میں ویزوں کا اجراء نہ ہو سکے گا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ویزے کے اجراء کے لیے دروخواست گذاروں کو ہیلتھ انشورنس سرٹیفیکیٹ کی کاپی کا حوالہ دینا ہوگا۔ نیز یہ یقین دلانا ہو گا کہ وہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے سعودی عرب سے چلے جائیں گے۔ نیز درخواست گذاروں کے لیے یہ بھی ضروری ہوگا کہ وہ سعودی عرب آنے کی وجہ اپنے اہل خانہ سے ملاقات بیان کریں گے۔ اس دوران وہ سعودی عرب میں ہوتے ہوئے بھی حج یا عمرہ ادا نہیں کرسکیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ متعلقہ محکمہ آیندہ اتوار کے روز سے اس نئی سہولت پر باضابطہ عمل شروع کر دے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک سرکاری ویب سائٹ بھی بنا دی گئی ہے۔ جس کا ایڈریس www.moi.gov.sa جاری کر دیا گیاہے۔

متعلقہ عنوان :