امریکی امداد کے غلط استعمال بارے اطلاعات پر ذمہ داران کیخلاف کارروائی،پاکستان نے امریکہ سے گزشتہ چھ سالوں میں جاری امداد کی تفصیلات طلب کرلیں

ہفتہ 17 جنوری 2015 08:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء)پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے امریکہ کی جانب سے گزشتہ چھ سالوں کے دوران جاری کی گئی امداد کی تفصیلات طلب کرلی ہیں تاکہ امریکی امداد کے غلط استعمال کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق امریکہ نے پاکستان کو گرشتہ ادوار میں انسداد دہشتگردی کی مد میں 230ملین ڈالر کی امداد جاری کی تھی،جس میں سے خطیر رقم کے استعمال کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے جبکہ شبہ کیا جارہا ہے کہ اس امدادی فنڈز میں سے خطیر رقم خرد برد کرلی گئی ہے،لہٰذا وزارت داخلہ نے انسداد دہشتگردی کی مد میں ملنے والی امریکی امداد کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے،امریکہ کی جانب سے تفصیلات ملنے کے بعد اس کا غیر رسمی آڈٹ کیا جائے گا اور پتہ چلانے کی کوشش کی جائے گی کہ خطیر رقم کہاں پر خرچ ہوئی۔

یاد رہے کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کے دوران انسداد دہشتگردی کیلئے ملنے والے فنڈز میں خردبرد اور ان فنڈز کے غلط استعمال کے حوالے سے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :