گستاخانہ خاکوں کی اشاعت، تحریک انصاف کا معا ملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ ،عمران خان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے بات کریں گے

ہفتہ 17 جنوری 2015 08:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء)فرانس میں حضور ﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر پاکستان تحریک انصاف نے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے،اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کیمون سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے مطابق پارٹی کی سینئر قیادت جن میں سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنما مختلف سفیروں سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں پاکستانی عوام اور پارٹی کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر تحفظات سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت آج اس حوالے سے باقاعدہ منصوبے پر کام شروع کردے گی اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے عالمی رہنماؤں کو تحریری خطوط بھی جاری کئے جائیں گے جس میں وہ مسلمانوں کی دل آزاری اور مذہبی جذبات مجروح کرنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔