انسداددہشت گردی کی عدالت نے اقلیتی عبادت گاہوں پر حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا ،کالعدم تحریک طالبان کے معاویہ کو 7 بار سزائے موت،عبداللہ کو 9 بار عمرقید کی سزا

اتوار 18 جنوری 2015 09:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جنوری۔2015ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے احمدیوں کی عبادت گاہوں پر حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم معاویہ کو 7 بار سزائے موت سنائی ہے۔ عدالت نے حملے میں ملوث کالعدم ٹی ٹی پی کے دوسرے ملزم عبداللہ کو 9بار عمر قید جبکہ دونوں ملوث ملزمان کو 33،33 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مئی 2010میں لاہور کے علاقے گڑھی شاہو اور ماڈل ٹاوٴن میں واقع احمدیوں کی عبادت گاہوں پر دہشت گردوں کے حملے میں84افرادہلاک اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ کالعدم تحریک طالبان نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفتیش کے دوران دو ملوث ملزمان معاویہ اور عبداللہ کو حراست میں لیا جن پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا۔ آج لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم معاویہ کو 7بار سزائے موت جبکہ ملزم عبداللہ کو 9 بار عمرقید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو 33،33 لاکھ روپے جرمانے اور 7 سال قید بامشقت کی سزا بھی سنائی ہے۔

متعلقہ عنوان :