ممبئی حملہ کیس : مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی نظر بندی کے حکمنامے میں ایک ماہ کی توسیع ، تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی کے حکمنامے کو عدالت میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں ، درخواست گزار کا موقف ،عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد مقدمے کی مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی

منگل 20 جنوری 2015 09:14

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2015ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر وفاق کی جانب سے دائر کی گئی نظر بندی کے معطلی کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست کی سماعت ہوئی ۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی کے حکم نامے میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے جس کو عدالت میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں عدالت نے وکیل کا موقف تسلیم کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔

سوموار کے روز ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیس کی سماعت ہوئی ۔ جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت عالیہ میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

ابتدائی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ذکی الرحمن لکھوی کی نظر بندی کے حکم نامے میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مجاہد شیر دل نے توسیع کرتے ہوئے ایک ماہ میں توسیع کردی ہے ۔

درخواست گزار نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دوبارہ نظر بندی میں توسیع کے فیصلے کو چیلنج کرنا ہے عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کا موقف تسلیم کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی ۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی نظر بندی کو ختم کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کئے تھے اور بعد میں وفاق نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا سپریم کورٹ نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نظر بندی فیصلے پر نظر ثانی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کرنے کا حکم دیا تھا ۔

عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق این قریشی نے ذکی الرحمن لکھوی کیس کی سماعت کی تھی اور وفاق کے وکیل کی استدعا پر ان کیمرہ سماعت جاری رہی اور وفاق کے وکلاء نے وزارت داخلہ کی رپورٹ اور دستاویزی شوائد بھی عدالت میں پیش کئے تھے پیر کے روز درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کوکیس میں ضلعی مجسٹریٹ کی طرف سے نئی ڈویلپمنٹ سے آگاہ کیا اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے نئے حکم نامہ کوچیلنج کرنے کی عدالت میں درخواست کی عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت ا یک ہفتے کیلئے ملتوی کردی ۔

متعلقہ عنوان :