امریکہ اور برطانیہ کے دباؤ پر زکی الرحمن لکھوی کو بھارت کے حوالے کئے جانے کی اطلاعات غلط ہیں،تسنیم اسلم ،دونوں ممالک نے پاکستان پر کسی قسم کا دباؤ ڈالا ہے نہ ہی پاکستان لکھوی کو انڈیا کے حوالے کرے گا، زکی الرحمن لکھوی پاکستانی شہری ہیں ، اس کا ٹرائل پاکستان کی عدالتوں میں ہورہا ہے اگر جرم ثابت ہوا تو اس کی سزا پاکستانی عدالتوں میں ہی دی جائے گی،ترجمان وزارت خارجہ کی خصوصی گفتگو

بدھ 21 جنوری 2015 06:40

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2015ء ) وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کے دباؤ پر زکی الرحمن لکھوی کو بھارت کے حوالے کئے جانے کی اطلاعات غلط ہیں اس حوالے سے نہ ہی دونوں ممالک نے پاکستان پر کسی قسم کا دباؤ ڈالا ہے نہ ہی پاکستان لکھوی کو انڈیا کے حوالے کرے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی میڈیا میں چلنے والی ان خبروں کی تردید کی جس میں تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ پاکستان اس وقت امریکہ اوربرطانیہ کے شدید دباؤ میں ہے اور جلد لکھوی کو بھارت کے حوالے کردیا جائے گا ۔ تسنیم اسلم نے کہا کہ زکی الرحمن لکھوی پاکستانی شہری ہیں اور اس کا ٹرائل پاکستان کی عدالتوں میں ہورہا ہے اگر جرم ثابت ہوا تو اس کی سزا پاکستانی عدالتوں میں ہی دی جائے گی یاد رہے کہ زکی الرحمن لکھوی کو 2008ء میں مظفر آباد کے نزدیک پاکستانی فورسز نے ایک چھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا ان پر ممبئی حملوں کے الزامات پر پاکستان کی انسداد دہشتگردی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے اور دسمبر 2014ء میں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا تاہم جنوری میں اغواء کے ایک کیسے میں انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا ۔