ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش،فی الوقت ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف دو ہی مقدمات درج ہیں ، حکو متی وکیل، فی الوقت کا کیا مطلب ہے ؟ آپ عدالت کو تفصیلی بتائیں ۔ اس کا مطلب ہے کہ حکومت کی جانب سے ملزم کیخلاف مزید مقدمات درج کردیئے جائینگے۔جسٹس نور الحق این قریشی کے ریما رکس

بدھ 21 جنوری 2015 06:45

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2015ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے ممبئی حملہ کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ جمع کرادی گئی ہے ۔ جسٹس نور الحق این قریشی نے وفاق کے وکیل سے استفسار کیا کہ ملزم کیخلاف حکومت کی جانب سے کتنے مقدمات درج کئے گئے ہیں تو انہوں نے عدالت کو بتایا کہ فی الوقت ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف دو ہی مقدمات درج ہیں ۔

عدالت نے وفاق کے وکیل سے مزید پوچھا کہ فی الوقت کا کیا مطلب ہے ؟ آپ عدالت کو تفصیلی بتائیں ۔ جسٹس نور الحق این قریشی نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ حکومت کی جانب سے ملزم کیخلاف مزید مقدمات درج کردیئے جائینگے ۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیس کی سماعت ہوئی درخواست گزار کی جانب سے راجہ رضوان عباسی کے جونیئر وکیل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاق کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے انسپکٹرعبدالرؤف عدالت میں پیش ہوئے سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج کئے گئے تمام مقدمات کی تحریری رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی ۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم زکی الرحمن لکھوی کیخلاف ممبئی حملہ کیس اور ایک شہری کے اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جو تھانہ گولڑہ کی حدود سے اغواء ہوا تھا تحریری رپورٹ میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ ملزم کیخلاف تاحال کوئی مقدمات دج نہیں کئے گئے ہیں ۔ جسٹس نور الحق این قریشی نے وفاق کے وکیل سے استفسار کیا کہ زکی الرحمن لکھوی کیخلاف اور بھی مقدمات قائم کئے گئے ہیں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ اور پولیس کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کردی گئی ہے ملزم کیخلاف دو ہی کیس رجسٹرڈ ہیں لیکن اس کے علاوہ کوئی کیس درج نہیں ہے ۔

جسٹس نور الحق این قریشی نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ حکومت ملزم کیخلاف مزید کیس درج کرنے کی تیاری کررہی ہے مختصر سماعت کے باعث عدالت نے مزید زکی الرحمن لکھوی کیس کو نمٹا دیا ۔ واضح رہے کہ ملزم زکی الرحمن لکھوی نے وزارت داخلہ اور پولیس کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ پولیس اور وزارت داخلہ کو احکامات جاری کئے جائیں کہ ملزم کیخلاف درج کئے گئے تمام مقدمات کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے اور عدالت کے حکم کے بغیر کوئی بھی مقدمہ ملزم کیخلاف درج نہ کیا جائے گزشتہ سماعت پر عدالت نے سیکرٹری و پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے زکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج مقدمات کی تحریری رپورٹ عدالت میں طلب کی تھی ۔

متعلقہ عنوان :