اگر جنید خان فٹ ہوئے تو انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ضرور بنایا جائے گا، معین خان ، ٹیم فزیو کی رپورٹ کے مطابق جنید نیوزی لینڈ سفر نہیں کرسکیں گے اور ڈاکٹر سہیل ندیم کی زیر نگرانی پاکستان میں ان کا انجری سے بحالی کا عمل جاری رہے گا، کپتان مصباح الحق کی درخواست پر چیئرمین شہریار خان نے بلاول بھٹی کو ٹیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی، چیف سلیکٹر

بدھ 21 جنوری 2015 05:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان نے کہا ہے کہ اگر جنید خان فٹ ہوئے تو انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ضرور بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم فزیو کی رپورٹ کے مطابق جنید نیوزی لینڈ سفر نہیں کرسکیں گے اور ڈاکٹر سہیل ندیم کی زیر نگرانی پاکستان میں ان کا انجری سے بحالی کا عمل جاری رہے گا۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ کپتان مصباح الحق کی درخواست پر چیئرمین شہریار خان نے بلاول بھٹی کو ٹیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔

جنید خان ایک عرصے سے انجری مسائل سے دوچار ہیں۔ انہیں اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن دائیں گھٹنے میں تکلیف کے سبب وہ دوبارہ ان فٹ ہو کر ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

ایک بار فٹنس حاصل کرنے کے بعد انہیں ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا لیکن تربیتی کیمپ میں پھسلنے کے سبب وہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

بلاول بھٹی کو آٹھ ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے لیکن ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں وہ 59 کی بھاری اوسط سے صرف پانچ وکٹیں لے سکے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ ایشیا کپ میں ہونے والے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی لیکن اس کے بعد کارکردگی میں عدم تسلسل اور فٹنس مسائل کے سبب وہ ایک روزہ الیون کا حصہ نہ بن سکے۔