خلیج تعاون کونسل کا یمنی باغیوں سے صدارتی محل کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

جمعرات 22 جنوری 2015 08:57

صنعا (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2015ء ) خلیج تعاون کونسل کے وزراء نے یمنی شیعہ باغی گروپ سے فوری طور سے صدارتی محل کا محاصرہ ختم کرنے، اْن کی نجی رہائش گاہ خالی کرنے اور یمنی صدر عبد رب منصور ھادی کے ایک قریبی ساتھی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق خلیجی عرب ممالک کے وزراء نے کہا ہے کہ یمنی دارالحکومت صنعاء کی سکیورٹی کو فوری طور پر بحال کرنا ضروری ہے تا کہ سرکاری اداروں کا حکومت کے کنٹرول میں واپس لائیں جا سکیں۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، عمان ، قطر اور بحرین کے نمائندوں پر مشتمل جی سی سی نے خطے میں سیاسی عدم استحکام کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے یمن کے شیعہ عسکریت پسند باغیوں کے گروپ حوثی پر زور دیا ہے کہ وہ صدارتی محل خالی کر دے۔ دریں اثناء حوشی پولٹ بیورو کے ایک رکْن محمد البخیتی نے اس خبر کی تردید کی ہے کہ یمنی صدر منصور ھادی حوثی باغیوں کے قبض میں ہیں۔