دہشت گردوں کو ملک کے کسی کونے میں چھپنے نہیں دیں گے ،وزیر اعظم نواز شریف،بلوچستان حکومت صوبے میں طرز حکومت کو بہتر سے بہتر بنائے، صوبے میں گڈ گورننس کے نفاذ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، وفاقی حکومت تعمیر و ترقی کے منصوبوں کیلئے صوبوں کو خصوصی فنڈز جاری کررہی ہے ‘ تعمیراتی منصوبوں کے ذریعے ترقی حکومت کی ترجیح ہے ، گوادر بندر گاہ کی ترقی اور اقتصادی راہداری کی تعمیر سے خطے میں خوشحالی آئے گی ،یہ وقت آپس میں چپقلش کا نہیں بلکہ ہماری تمام تر توجہ دہشت گردی کے خاتمے پر ہونا چاہیے،سعودی عرب روانگی سے بلوچستان سے متعلق اجلاس سے خطاب

ہفتہ 24 جنوری 2015 09:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مہیا کررہے ہیں ،بلوچستان حکومت صوبے میں طرز حکومت کو بہتر سے بہتر بنائے،گوادر بندر گاہ کی ترقی اور اقتصادی راہداری کی تعمیر سے خطے میں خوشحالی آئے گی ۔وفاقی حکومت تعمیر و ترقی کے منصوبوں کیلئے صوبوں کو خصوصی فنڈز جاری کررہی ہے تاکہ ترقی کے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکیں‘ تعمیراتی منصوبوں کے ذریعے ترقی حکومت کی ترجیح ہے ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے سعودی عرب روانگی سے قبل بلوچستان سے متعلق امور بارے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

۔ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں سینیٹر راجہ ظفر الحق‘ وفاقی وزیر پرویز رشید ‘ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق‘ وفاقی وزیر سیفران جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ‘ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک ‘ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر میر حاصل بزنجو‘ سینیٹر سردار یعقوب ناصر‘ رکن قومی اسمبلی محمد خان اچکزئی‘ صوبائی منسٹر بلوچستان ثناء الله خان زہری‘ ن لیگ کے اقبال ظفر جھگڑا‘ ڈاکٹر آصف کرمانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ،۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبے میں گڈ گورننس کے نفاذ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں عوام کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کا اہم ترین صوبہ ہے اور وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر معدنیات کے ذخائر کو تلاش کرنے سمیت دیگر اہم اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گوادر پورٹ کی تعمیر اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے صوبے کے لوگ معاشی طور پر مستحکم ہوں گے ۔

۔ ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان صوبے میں توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہوئے۔ صوبے کی ترقی میں ذاتی طور پر دلچسپی لے رہا ہوں اور زیادہ سے زیادہ فنڈز مہیا کئے جارہے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ گوادر بندر کی ترقی اور اقتصادی راہداری کی تعمیر سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور ملک کی معیشت مضبوط ہوگی ۔ملک میں بے روز گاری کا خاتمہ ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت آپس میں چپقلش کا نہیں بلکہ ہماری تمام تر توجہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے پر ہونی چاہیے ۔ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں ،دہشت گردی کے خاتمے تک ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا اور نہ ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کے کسی کونے میں چھپنے نہیں دیں گے اور ان کا خاتمہ کر کے ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے،اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صوبائی معاملات بھی زیر بحث آئے اور بلوچستان میں تنظیم سازی میں اتحادی جماعتوں سے تعلقات کو بہتر بنانے سمیت دیگر امور پر خصوصی بات چیت کی گئی۔