نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب بازی لے گیا، اب تک ملک بھر میں بیس افراد کو پھانسی پر لٹکایا گیا پنجاب میں چودہ ، سندھ میں پانچ اور کے پی کے میں ایک دہشتگرد شامل،دہشت گردی میں ملوث پنجا ب سے 958افراد کو گرفتار کیا گیا ، سندھ میں 244 ‘ کے پی کے میں 234 ‘ بلوچستان میں 118 اور اسلام آباد میں 235 افراد کو دہشت گردانہ کارروائیوں پر گرفتار کیا گیا،نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی، پنجاب میں 434 اور خیبرپختونخواہ میں 17 افراد کی نشاندہی کی گئی، 329 افراد کو پنجاب میں اور دس افراد کو کے پی کے میں گرفتار کیا گیا،وزیراعظم ہاؤس کی جاری کردہ رپورٹ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کوممکنہ وسائل فراہم کرے گی ،نواز شریف

ہفتہ 24 جنوری 2015 09:12

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں انسداد دہشتگردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے اس حوالے سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائیاں سامنے آئی ہیں ۔ وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک ملک بھر میں بیس افراد کو پھانسی پر لٹکایا گیا جن میں سے پنجاب میں چودہ ، سندھ میں پانچ اور کے پی کے میں ایک دہشتگرد شامل ہے۔

دہشت گردی میں ملوث پنجا ب سے 958افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ سندھ میں 244 ‘ کے پی کے میں 234 ‘ بلوچستان میں 118 اور اسلام آباد میں 235 افراد کو دہشت گردانہ کارروائیوں پر گرفتار کیا گیا‘ نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی اس حوالے سے پنجاب میں 434 اور خیبرپختونخواہ میں 17 افراد کی نشاندہی کی گئی ان میں سے 329 افراد کو پنجاب میں اور دس افراد کو کے پی کے میں گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر پنجاب میں 2837 مقدمات درج ہوئے اور جس پر کارروائی کرتے ہوئے 1471 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر اسلام آباد میں چودہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح 41 دوکانیں بھی سیل کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار افغان مہاجرین کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں بھی مہاجرین کی رجسٹریشن کا کام جاری ہے۔

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مزید موثر کارروائیوں کیلئے پنجاب میں قانون سازی ہورہی ہے جبکہ میڈیا کے ذریعے لوگوں میں آگاہی بھی پیدا کی جارہی ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کیلئے تمام صوبوں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ بلوچستان سندھ اور کے پی کے کو ہدایات کی گئی ہیں کہ پنجاب کی طرح دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی جائیں تاکہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کوممکنہ وسائل فراہم کرے گی ۔