جماعت الدعوة پر کوئی پابند ی نہیں، اثاثے منجمد کر دئے گئے ہیں ،عبدالباسط،قوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق جماعت الدعوة اراکین کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی،ہم اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل درآمد کر رہے ہیں، اس سے بڑھ کر کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے،تمام کالعدم تنظیموں کیخلاف بلا امتیاز کاروائی کر رہے ہیں،کسی کو اس پر شک نہیں ہونا چاہیے، اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق اس طرح کے کسی شخص کو انفرادی طور پر پابندِ سلاسل نہیں رکھا جا سکتا۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کا انٹرویو

ہفتہ 24 جنوری 2015 09:23

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء ) بھارت میں تعنیات پاکستانی ھائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ جماعت الدعوة پر کوئی پابند ی نہیں، تاہم اس کے اثاثے منجمند کر دئے گئے ہیں اور اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق اس کے اراکین کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے،جمعہ کو ایک بھارتی اخبار کو دئے گئے انٹرویو میں پاکستانی ھائی کمشنر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق جماعت الدعوة کے اثاثے منجمند کر دئے گئے ہیں اور اسکی قیادت کے بیرون سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل درآمد کر رہے ہیں،اور ہمارے مطابق اس سے بڑھ کر کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے جماعت الدعوہ کی سہولیات واپس لے لیں ہیں۔

(جاری ہے)

جماعت کے سربراہ حافظ سعید کی گرفتاری کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق اس طرح کے کسی شخص کو انفرادی طور پر پابندِ سلاسل نہیں رکھا جا سکتا۔

عبدالباسط نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قرارداد میں کسی جگہ اس بات کا ذکر نہیں ملتا کہ رکن ممالک اس طرح کی کسی تنظیم کے سربراہ یا رکن کو حوالات میں رکھیں۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردار پر عمل درآمدسے متعلق کوئی دو رائے نہیں ہے ،پاکستان دہشت گردی کے خلاف بلا تفریق کاروائی کر رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام کالعدم تنظیموں کیخلاف بلا امتیاز کاروائی کر رہے ہیں اور کسی کو اس پر شک نہیں ہونا چاہیئے۔