عمران خان کی جدہ میں پریس کانفرنس ،پرویز رشیداور خواجہ سعد رفیق کی شدید تنقید،عمران خان اللہ کے گھر میں اپنے لئے سچ بولنے کی دعا کریں ،عمران عمرہ کی ادائیگی کیلئے گئے ہیں،اپنی عبادت پر توجہ دیں،شاہ عبد اللہ کی وفات کے دن جدہ میں عمران خان کا پریس کانفرنس کرنا اس کی عقل و فہم کا پتہ دیتی ہے، وزیر اطلاعات و نشریات،برادر ملک سوگ میں ہے اور عمران کا رویہ ہمارے مذہبی اور سفارتی آداب کے خلاف ہے ،جوڈیشل کمیشن میں منظم دھاندلی کے لفظ کے استعمال سے کیوں گھبراتے ہیں،وزیر ریلوے

ہفتہ 24 جنوری 2015 09:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء)وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جدہ میں پریس کانفرنس کو شدید ترین تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اللہ کے گھر میں اپنے لئے دعا کر یں کہ اسے اللہ تعالی سچ بولنے کی توفیق دے ،عمران خان اس وقت عمرہ ادائیگی کے لئے گئے ہیں اور اس کو اپنی عبادت پر دھیان دینا چاہیے ۔

شاہ عبد اللہ کی وفات کے دن جدہ میں آج کی پریس کانفرنس عمران خان کی عقل وفہم کا پتہ دیتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان عمرہ کی ادائیگی کے لئے گئے ہیں اس وقت عمران خان صرف اپنی عبادت پر دھیان دینا چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان عمرہ ادا کرنے کے بعد بھی جھوٹ بولنے سے باز نہیں آئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب فرمانروا شاہ عبد اللہ کی وفات کے دن عمران خان کو جدہ میں پریس کانفرنس نہیں کرنا چاہیے تھی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت سب سے افضل مقام پر گئے ہوئے ہیں اور عمران صرف اپنی عبادت پر دھیان نہیں دینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اللہ تعالی کے گھر میں اپنے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالی سچ بولنے کی توفیق دے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں انا ہوگی وہاں شیطان ہوگااور شیطانیت ہوگی۔عمران خان اللہ تعالی کے گھر میں دہشت گردوں کونیست ونابود کی دعا کب کریں گے ؟انہوں نے کہا کہ 70 ہزار سے زائد مبصرین نے الیکشن کو شفاف قرار دیا ہے عمران خان کو نتائج تسلیم کر لینے چاہئیں ۔ادھر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی عمران خان کی جدہ میں پریس کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ برادر ملک سوگ میں ہے اور عمران خان خان رویہ ہمارے مذہبی اور سفارتی آداب کے خلاف ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وہ سعودی عرب میں شاہ عبد اللہ کی وفات پر تعزیت کی بجائے غیر ضروری باتیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن میں منظم دھاندلی کے لفظ کے استعمال سے کیوں گھبراتے ہیں ،تحریک انصاف بدنیتی ہے جو جوڈیشل کمیشن میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان عمرہ کی ادائیگی کے لئے گئے ہیں ان کو بہتان تراشی اور جھوٹ سے پرہیز کرنا چاہیے