وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ، کم آمدن والے خاندانوں کیلئے سولر ہوم سلیوشن کے حوالے سے قابل عمل پروگرام وضع کرنے کی ہدایت، پنجاب کے سرکاری سکولوں کو مرحلہ وارآف گرڈسولر سلیوشن پروگرام کے تحت سولرپرمنتقل کرنے کے منصوبے کی منظوری، پہلے مرحلے میں چار ہزار سے زائد پرائمری سکولوں کوسولر پر منتقل کیا جائے گا،دیگر سکولوں کو بھی مرحلہ وار پروگرام کے تحت سولر پر منتقل کرنے کی ہدایت،بنیادی مراکز صحت اورزرعی ٹیوب ویلوں کو سولر پرمنتقل کرنے کے حوالے سے قابل عمل منصوبہ مرتب کر کے پیش کیا جائے، دیہی علاقوں کوبائیوگیس اورسولرسے توانائی کی فراہمی کیلئے پائلٹ پراجیکٹ تیارکیا جائے:وزیراعلیٰ کی متعلقہ حکام کو ہدایت

پیر 26 جنوری 2015 07:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جنوری۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں پنجاب کے سرکاری سکولوں کو مرحلہ وارآف گرڈسولر سلیوشن پروگرام کے تحت سولرپرمنتقل کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے دیہی علاقوں کے چار ہزار سے زائد پرائمری سکولوں کوسولر پر منتقل کیا جائے گااوراس ضمن میں پرائمری سکولوں میں سولر پینل لگانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔

سولر پینل سے پرائمری سکولوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں سکولوں کوسولر پر منتقل کرنے کے حوالے سے تیزرفتاری سے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور دیگر سکولوں میں بھی مرحلہ وار پروگرام کے تحت آف گرڈ سولر سلیوشن متعارف کرانے کیلئے جامع منصوبہ مرتب کیاجائے اوراس ضمن میں میڈیم اورلانگ ٹرم پلاننگ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے خاندانوں کو سولر ہوم سلیوشن کی فراہمی کے حوالے سے قابل عمل پروگرام وضع کیا جائے ۔ بنیادی مراکز صحت اورزرعی ٹیوب ویلوں کو سولر پرمنتقل کرنے کے حوالے سے قابل عمل منصوبہ مرتب کر کے پیش کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں کوبائیوگیس اورسولرسے توانائی کی فراہمی کیلئے پائلٹ پراجیکٹ تیارکیا جائے۔

بائیوگیس اور سولر سے توانائی کے حصول کے حوالے سے فنانشل ماڈل بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اورمحکمہ لائیوسٹاک مل کرپائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کے حوالے سے یونین کونسل کی سطح پرگاوٴں کا انتخاب کرکے مشترکہ اقدامات اٹھائیں اوریہ ماڈل تھل میں بھی متعارف کرانے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے،خصوصاً ڈرپ ایریگیشن کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کیلئے پروگرام وضع کرنے کیلئے تجاویز مرتب کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے آف گرڈ سولر سلیوشنز کے حوالے سے حتمی سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،فنانشل،ٹیکنیکل،مائیکروفنانس اوربینک آف پنجاب کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی 10روز کے اندر سفارشات پیش کرے گی۔جرمنی کے سولر ماہر ڈاکٹر گریون ڈریسمین (Mr.Grewin Dreesmann) اورچیف ایگزیکٹو آفیسرقائداعظم سولر پارک نجم شاہ نے آف گرڈ سولر سلیوشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چےئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، صدر بینک آف پنجاب،سیکرٹریز خزانہ، صحت، سکولز ایجوکیشن،زراعت،لائیوسٹاک،ہاوٴسنگ،لوکل گورنمنٹ،آبپاشی اور منصوبہ بندی و ترقیات نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :