جے ایف 17 تھنڈر طیارے کمبیٹ کمانڈ سکول میں شامل، اے ایف بیس مصحف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ، ائیر مارشل سہیل امان اور فضائیہ کے اعلی حکام موجود تھے ،پائلٹس کے کاک پٹ سے باہر آتے ہی ننھے بچوں کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش، تالیاں بجا کر ان کو خوش آمدید کہا

منگل 27 جنوری 2015 08:53

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء ) پاکستان اور چین کے اشتراک کے تیار کردہ جنگی طیارے جے ایف 17 تھنڈر کو کمبیٹ کمانڈ سکول میں شامل کر لیا گیا، جے ایف 17 تھنڈرز کی شمولیت کے اس تاریخی موقع پر پی اے ایف بیس مصحف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ائیر مارشل سہیل امان ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز) اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔

ان طیاروں کی آمد کے موقع پر اس تقریب میں موجود پرجوش شرکا نے گرم جوشی سے تالیاں بجا کر ان کو خوش آمدید کہا۔ طیارں کی ٹارمک آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند ٹیکنیشنز نے ان کا استقبال کیا۔ جیسے ہی پائلٹس کاک پٹ سے باہر آئے ننھے بچوں نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے فضائی اور زمینی دستوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

(جاری ہے)

پاک چین مشترکہ کاوش جے ایف 17 تھنڈر ایک بہترین اور ہمہ جہت کم وزن جنگی طیارہ ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر گلاس کاک پٹ اور جدید ترین ایویانکس سسٹم سے مزین ہونے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے جدید ہتھیاروں، بمبوں، فضا سے فضا اور فضا سے زمین اور سمندر پر مار کرنے والے اینٹی شپ میزائل سے لیس ہونے کی وجہ سے بہت مہلک اور کامیاب ہے۔ بی وی ایر میزائل کی تنصیب سے یہ موجودہ جنگی دور کا ایک موثر اور کامیاب طیارہ بن چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :