روسی صدر یوکرائنی باغیوں پر تشدد میں حالیہ اضافہ روکنے کیلئے دباؤ ڈالیں،انجیلا مرکل

منگل 27 جنوری 2015 08:13

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء)جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیرپیوٹن کو ٹیلی فون کرکے زور دیا ہے کہ وہ یوکرائن کے کریملن نواز علیحدگی پسندوں پر تشدد میں حالیہ اضافے کو روکنے کے لئے دباؤ ڈ الیں جس کی وجہ سے عالمی سطح پر خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے ۔ ان کے ترجمان سٹیفن سیبرٹ نے بتایا کہ مرکل نے پیوٹن کو ٹیلی فون کرکے کہا کہ وہ باغیوں کے ساتھ اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں تاکہ بدامنی میں نئے اضافے سے بچا جاسکے ۔

(جاری ہے)

یہ مطالبہ مشرقی بندر گاہی شہر ماریو پول میں بھاری راکٹ حملے میں 30شہریوں کی ہلاکت کے ایک روز بعد سامنے آیا ۔چانسلر نے بھی کہا کہ باغی جنہوں نے گزشتہ سال مینسک میں امن معاہدے پر دستخط کررکھے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ یوکرائن ،روس اور یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم (او ایس سی ای) کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات میں بیٹھے ۔ترجمان نے مزید کہاکہ مرکل نے یوکرائنی صدر پیٹرویوروشینکو سے بھی ٹیلی فون کرکے ماریو پول حملوں پر اظہار ہمدردی کیا ہے جس کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح اور ناقابل جواز فائر بندی کی خلاف ورزی ہے۔