مشکلات سے دو چار عوام کو کسی خرچ کے بغیر ان کے گھر کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی عبادت سے کم نہیں، اس سلسلے میں وفاقی محتسب اور ان کے ادارے کی کوششیں قابل تعریف ہیں،ممنون حسین،وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی کارکردگی کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی گئی ،صدر مملکت کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی

منگل 27 جنوری 2015 07:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مشکلات سے دو چار عوام کو کسی خرچ کے بغیر ان کے گھر کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی عبادت سے کم نہیں اس سلسلے میں وفاقی محتسب اور ان کے ادارے کی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق صدرمملکت نے یہ بات وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے دورے کے موقع پر کہی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کا دورہ کرکے انہیں اطمینان ہوا ہے کہ ملک میں ایسے ادارے بھی ہیں جو مشنری جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف کی فراہمی مشکل ہو وہاں عوام کو بلاتاخیر انصاف کی فراہمی ایک کارنامہ ہے جس پر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ مبارکباد کا مستحق ہے انہوں نے وفاقی محتسب سلمان فاروقی کو ہدایت کی کہ وہ انصاف کی فراہمی میں مزید تیز رفتاری کام میں وسعت اور سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کے حالات کار میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز ایوان صدر کو ارسال کیں تاکہ نظام مزید موثر بنایا جاسکے صدر مملکت نے کہا کہ سرکاری اداروں کیخلاف عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے وفاقی محتسب کا ادارہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور اس نے انتہائی کم مدت میں بہت اچھی ساکھ قائم کی ہے جو قابل اطمینان ہے صدر مملکت نے سی ڈی اے سے متعلق رپورٹ ، مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی عدم فراہمی خیرپور بس حادثے کا معاملہ اور خسرے کی وباء جیسے سنگین معاملات میں وفاقی محتسب کا فعال کردار قابل تعریف ہے صدر مملکت نے خیرپور بس حادثہ جس کے نتیجے میں ستاون انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں کی انکوائری کے انعقاد میں سلمان فاروقی اور ان کی ٹیم کے کردار کی تعریف کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی محتسب کی طرف سے سمندر پار پاکستانیوں ، سوک ایجنسیوں اور فاٹا کے لیے گریونس کمشنروں کی تقرری کے فیصلے کی بھی تعریف کی ۔ صدر مملکت نے اس موقع پر ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے نظام میں مزید بہتری آنی چاہیے اس مقصد کیلئے د یگر ملکوں کے نظام سے استفادہ کرتے رہنا چاہیے اس سے قبل وفاقی محتسب سلمان فاروقی ، وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے سیکرٹری حسیب اختر اور سینئر مشیر اعجاز احمد نے سیکرٹریٹ کی کارکردگی کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی صدر مملکت کو ا س موقع پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :