پی آئی اے نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو چکرا کر رکھ دیا، سعودی عرب جانیوالی پرواز پکڑنے کیلئے سردار یوسف کی دوڑیں لگ گئیں،پرواز 25منٹ تاخیر کا شکار،وفاقی وزیر کی مسافروں سے معذرت ، ذرائع، وزارت مذہبی امور کا پی آئی اے سے سخت احتجاج، وفاقی وزیر کی جانب سے احتجاجی مراسلہ بھی لکھ دیاگیا

منگل 27 جنوری 2015 08:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء)پاکستان ائر لائن نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو چکرا کر رکھ دیا، سعودی عرب جانیوالی پرواز پکڑنے کیلئے سردار محمد یوسف کی دوڑیں لگ گئیں،پرواز 25منٹ تاخیر کا شکار،وفاقی وزیر کی مسافروں سے معذرت،عملہ کی سرزنش، وزارت مذہبی امور کا پی آئی اے سے سخت احتجاج، وفاقی وزیر کی جانب سے احتجاجی مراسلہ بھی لکھ دیاگیا۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“کو بتایاکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پیر کی صبح 8:50 پر اسلام آباد سے جدہ پاکستان ائر لائن کی فلائٹ پی کے 741کے ذریعے حج انتظامات بارے سعودی حکومت سے معاہدوں کی غرض سے سرکاری دورہ پرروانہ ہونا تھاجس کے باعث وفاقی وزیر کا پروٹوکول عملہ 7 بجے راول لاؤنج پہنچ گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق7:30 بجے عملہ کو پی آئی اے کے مبشر نامی سینئر اہلکار نے آگاہ کیا کہ فلائٹ اپنے مقررہ وقت سے 2گھنٹے سے زائد ٹیکنیکل وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہے جس کے باعث 8:50 پر جانیوالی پرواز اب 11بجکر 45منٹ پرروانہ ہوگی جس پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کو اس حوالے سے ان کے پروٹوکول آفیسرز نے آگاہ کیا لیکن دوسری جانب 8:30 بجے پرواز کی روانگی کا اعلان کردیاگیا تو وزارت مذہبی امور وہاں موجود عملہ حیران ہوگیا جس پر انہوں نے فی الفور سردار محمد یوسف کو اس بارے آگاہ کیاجن کی پرواز پکڑنے کیلئے اسلام آباد سے ائرپورٹ تک دوڑیں لگ گئیں اور وہ 9 بجکر 15منٹ پر ائرپورٹ پر پہنچے اور اس غلط بیانی پر پی آئی اے عملہ سے احتجاج کیا ۔

دوسری جانب جہاز کی 25منٹ تاخیر سے مسافر بھی شدید پریشان اور سراپا احتجاج بن گئے ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ جیسے ہی وفاقی وزیر جہاز میں سوار ہوئے تو انہوں نے اس تاخیر پر تمام مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہاکہ یہ تاخیر عملہ کی غلط بیانی کے باعث ہوئی ہے جس پر وہ حکومت کی جانب سے معذرت خواہ ہیں۔ دوسری جانب اس سلسلے میں وفاقی وزیر نے فی الفوروزارت مذہبی امور کو ایم ڈی پی آئی اے کے نام احتجاجی مراسلہ لکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ راول لاؤنج میں متعین سٹاف کی بھی سخت سرزنش کی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف 7روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ حج 2015ء کے انتظامات کے حوالے سے سعودی وزارت حج سے مختلف معاہدوں پر دستخط کرینگے جبکہ اپنے دورئہ کے دوران وہ سعودی بادشاہ شاہ عبداللہ کی رحلت پر شاہی خاندان سے تعزیت کیلئے بھی جائینگے